انگلش خواتین فٹبال ٹیم نے یورو 2022 فائنل میں رسائی حاصل کرلی
لندن ،جولائی۔ ویمن یورو 2022کے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے سویڈن کو 4-0سے شکست دے کر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ شفیلڈ یونائیٹڈ گرائونڈ برامال لین میں کھیلے جانے والے اس سیمی فائنل میں انگلش خواتین فٹبالرز نے شان دار کارکردگی پیش کرتے ہوئے سویڈش فٹبالرز کو آئوٹ کلاس کر دیا۔ سرینا ویگمین کی ٹیم اب دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے مقابلہ کرے گی۔ ملٹن کینز میں دوسرے سیمی فائنل میں جرمنی اور فرانس کی ٹیمیں مدمقابل ہیں۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 31 جولائی کو ویمبلے میں کھیلا جائے گا۔ لندن میں ٹریفالگر سکوائر پر اس سیمی فائنل کو دکھانے کیلئے بڑی سکرینز لگائی گئی تھیں، جہاں مداحوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ انگلش ٹیم کی کامیابی کی خوشی میں وہاں موجود لوگوں نے زبردست نعرے لگائے۔ 2009کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ انگلینڈکی خواتین کسی بڑے فائنل میں پہنچی ہیں لیکن انگلش ٹیم نے اپنی تاریخ میں کبھی ورلڈ کپ یا یورو ٹرافی نہیں جیتی۔ انگلش ٹیم کی جانب سے 34 ویں منٹ میں برونز نے پہلا گول کیا جبکہ 48 ویں منٹ میں برونز نے ہی دوسرا اور 68ویں منٹ میں روسو نے تیسرا جبکہ 75ویں منٹ میں کربی نے چوتھا گول کیا۔