دلیپ کمار، مدھو بالا کی شادی کیوں نہ ہوسکی؟ کہانی سامنے آگئی

ممبئی،جولائی۔بھارتی فلم صنعت کے شہنشاہ جذبات دلیپ کمار اور مدھوبالا کی شادی ہوتے ہوتے کیوں رہ گئی؟ اس حوالے سے اہم انکشاف سامنے آیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق مدھو بالا کی چھوٹی بہن مدھر نے دلیپ کمار او مدھوبالا کا تعلق ٹوٹنے کے معاملے پر لب کھول دیے ہیں۔اپنے تازہ انٹرویو میں مدھر بھوشان نے کہا کہ مدھوبالا اور دلیپ کمار شادی کے بہت قریب تھے لیکن ایک عدالتی مقدمے نے دونوں کی راہیں جدا کردیں۔مدھوبالا اور دلیپ کمار جن کی جوڑی سنیما کے پردے پر ہمیشہ ہی ہٹ رہی، ان کی ایک شہرہ آفاق فلم ’مغل اعظم‘ تھی، وہ دونوں ذاتی زندگی میں شادی کرنے والے تھے۔مدھر بھوشان نے بتایا کہ فلم نیا دور کی شوٹنگ کے لیے مدھوبالا کو شہر سے باہر جانے کی اجازت نہ دینے پر دلیپ کمار اور فلم ڈائریکٹر بی آر چوپڑا نے ان کے والد عطا اللّٰہ پر مقدمہ کردیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس دوران مدھوبالا نے اپنا رشتہ بچانے کے لیے دلیپ کمار سے التجا کی کہ وہ اْن کے والد سے معافی مانگ لیں اور کہا کہ ہماری زندگی برباد ہوجائے گی۔مدھوبالا کی بہن نے یہ بھی کہا کہ دلیپ کمار نے عدالتی مقدمے کے چلتے اداکارہ کے والد سے معذرت کرنے سے انکار کردیا اور یوں یہ رشتہ ہمیشہ کے لیے ٹوٹ گیا۔اْن کا کہنا تھا کہ اگر مقدمہ نہ ہوا ہوتا تو مدھوبالا اور دلیپ کمار شادی کر لیتے، انہوں نے دلیپ کمار کو تعلق بچانے کے لیے والد سے معافی پر آمادہ کرنے کی کوشش کی، لیکن انہوں نے انکار کردیا۔مدھر بھوشان نے یہ بھی کہا کہ مدھوبالا نے رو کر دلیپ کمار سے کہا تھا دیکھو ہماری زندگی برباد ہو جائے گی، جس پر ادکار نے استفسار کیا کہ تم اتنی ضد کیوں کررہی ہو؟انہوں نے کہا کہ مدھوبالا دراصل یہ چاہتی تھی کہ اْس وقت کا میڈیا یہ نہ کہہ دے کے دلیپ کمار نے ایک باپ سے اْس کی بیٹی چھین لی یا باپ کی وجہ سے اپنا پیار چھوڑ دیا۔مدھر بھوشان نے کہا کہ اس کے بعد مدھوبالا نے گلوکار کشور کمار سے شادی کرلی، پھر وہ دونوں لندن بیماری کے علاج کے لیے روانہ ہوگئے، مدھوبالا 9 سال بعد انتقال کر گئیں۔اْن کا کہنا تھا کہ دلیپ کمار کی اس دوران اداکارہ سائرہ بانو سے شادی ہوگئی اور دونوں فلمی صنعت کی نامور جوڑی بن گئے۔یاد رہے کہ دلیپ کمار کا گزشتہ برس انتقال ہوا تھا، ان کے پسماندگان میں بیوی سائرہ بانو شامل ہیں۔

 

Related Articles