یوگا کو اپنی روزمرہ کی زندگی کا حصہ بنائیں اور اس کے فوائد حاصل کر یں : نائیڈو
حیدرآباد، جون۔نائب صدرجمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے آج سکندرآباد کے پریڈ گراؤنڈ میں وزارت سیاحت کی جانب سے منعقدہ ایک پروگرام میں سینکڑوں دیگر شرکاء کے ساتھ یوگا کےبین الاقوامی دن کی تقریبات میں شرکت کی۔ نائب صدر جمہوریہ نے یوگا کیا اور پروگرام کے دوران شرکاء سے خطاب کیا۔اپنے خطاب میں مسٹرنائیڈو نے کہا کہ یوگا کی قدیم سائنس دنیا کے لیے ہندوستان کا انمول تحفہ ہے اور انہوں نے سبھی سے کہا کہ وہ یوگا کو اپنی روزمرہ کی زندگی کا حصہ بنائیں اور اس کے فوائد حاصل کریں۔ انہوں نے صحت مندی کے ایک حل کے طور پر یوگا کے بارے میں مزید تحقیق کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔یوگا کے معنی ’جڑنا ’ یا ’اتحاد‘ کے طور پر بیان کرتے ہوئے، مسٹرنائیڈو نے کہا کہ یہ دماغ اور جسم اور انسان اور فطرت کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی پر زور دیتا ہے۔ انہوں نے کہا’’اس موقع پر، میں سبھی سے اپیل کروں گا کہ وہ سماج کے تمام طبقات کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی کے لیے کام کریں‘‘۔نائب صدر جمہوریہ نے ہندوستان کے قدیم فلسفہ سے تحریک حاصل کرنے اور نہ صرف اپنے دماغوں اور جسموں کی کایا پلٹ کرنے بلکہ ملک کی مجموعی کایا پلٹ کے لئے بھی کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ گیتا کا حوالہ دیتے ہوئے، انہوں نے’یوگا کا م کرنے کہ مہارت‘ ہے اور انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ یہ ملک کو آگے لے جانے کے لیے ہندوستان کے ہر ایک باشندے کے واسطے ’منتر‘ بن جائے۔ انہوں نے کہا کہ ’’اگر آپ اپنے پسندیدہ میدان میں بہترین کام کرتے ہو اور اپنے فرائض ایمانداری سے سرانجام دیتے ہو تو ملک یقینی طو پر تیز رفتاری سے ترقی کرے گا‘‘۔انسان کی زندگی میں اچھی صحت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے، مسٹر نائیڈو نے شہریوں میں اچھی صحت اور خوشی کو فروغ دینے کے لیے ’یوگا کے بین الاقوامی دن‘ جیسی تقریبات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔یوگا ڈے کے لئے اس سال کی تھیم – ’یوگا فار ہیومینٹی‘ کا ذکر کرتے ہوئے، نائب صدر جمہوریہ نے عوام میں مجموعی جسمانی اور ذہنی صحت اور بہبود کو یقینی بنانے میں یوگا کے رول پر زور دیا۔ کووڈ۔ 19 عالمی وبا کی وجہ سے ذہنی صحت کے مسائل میں ہونے والے اضافے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی وبا نے نے لچک پیدا کرنے اور صحت کو بہتر بنانے میں یوگا کی اہمیت میں مزید اضافہ کیا ہے۔یوگا کو فروغ دینے کی کوششوں کے لیے مرکزی وزارت ثقافت کی ستائش کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ یوگا فطرت کے ساتھ ہم آہنگی، تمام جانداروں سے محبت اور روحانیت کی ہندوستانی ثقافت کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا ’’ہمیں اپنے آباؤ اجداد کے اس شاندار تحفے پر فخر کرنا چاہیے اور انسانیت کی وسیع تر فلاح کے لیے پوری دنیا میں یوگا کو پھیلانا اور فروغ دینا چاہیے۔‘‘نائب صدر جمہوریہ نے یہ بھی کہا کہ یوگا میں عمر، ذات، مذہب اور خطوں کی کوئی بندش نہیں ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ ’’ آفاقی‘‘ ہے اور لوگوں سے کہا کہ وہ یوگا کی مشق کریں، اس کی تشہیر کریں اور فخر محسوس کریں۔مرکزی وزیر جی کشن ریڈی، اولمپیئن پی وی سندھو اور دیگر نے اس شاندار تقریب میں شرکت کی۔