یوگا ڈے پرکووند، نائیڈو اور مودی نے یوگا کی مشق کی

نئی دہلی، جون۔صدر رام ناتھ کووند، نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو، وزیر اعظم نریندر مودی اور لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کے ساتھ کئی سینئر مرکزی وزراء اور معززین نے آج آٹھویں بین الاقوامی یوگا کے دن پر مختلف مقامات پر منعقد پروگراموں میں شامل ہوکر یوگا کی مشق کی اورملک و دنیا کو صحت مند زندگی میں یوگا کی اہمیت کا پیغام دیا۔مسٹر کووند نے راشٹرپتی بھون میں یوگا کی مشق کی اور یوم یوگا کے موقع پر ہم وطنوں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا، "بین الاقوامی یوگا کے دن کی نیک خواہشات۔ یوگا ہمارے قدیم ہندوستانی ورثے کا حصہ ہے۔ انسانیت کو ہندوستان کا یہ تحفہ صحت کے تئیں ایک جامع نقطہ نظر فراہم کرتا ہے اور ہمارے دماغ، جسم اور روح کے درمیان توازن قائم کرتا ہے۔ میں ہر ایک سے درخواست کرتا ہوں کہ یوگا کو روزمرہ کی زندگی کا حصہ بنائیں اور اس کے فوائد کا تجربہ کریں۔مسٹرنائیڈو نے وزارت سیاحت کے زیر اہتمام سکندرآباد میں یوگا ڈے پروگرام میں شرکت کی اور یوگا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یوگا کی قدیم سائنس دنیا کو ہندوستان کا ایک قیمتی تحفہ ہے اور ہر کسی کو اسے اپنی زندگی کا حصہ بنا کر اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے یوگا پر مزید تحقیق کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیر اعظم مودی نے کرناٹک کے میسور پیلس گراؤنڈ میں یوگا ڈے پر منعقد پروگرام میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا، "یوگا اب ایک عالمی تہوار بن گیا ہے۔ یوگا صرف کسی فرد کے لیے نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے ہے۔ اسی لیے اس بار بین الاقوامی یوگا ڈے کا تھیم ‘یوگا فار ہیومینٹی’ ہے۔ میں اس موضوع کے ذریعے یوگا کے اس پیغام کو پوری انسانیت تک پہنچانے کے لیے اقوام متحدہ اور تمام ممالک کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ میں تمام ہندوستانیوں کی طرف سے دنیا کے تمام شہریوں کو بھی مبارکباد دیتا ہوں۔انہوں نے کہا، "یوگا آج ہمارے لیے صرف زندگی کا حصہ نہیں ہے، بلکہ یوگا اب زندگی کا ایک طریقہ بنتا جا رہا ہے۔ ہمارا دن یوگا سے شروع ہو، اس سے بہتر شروعات اورکیاہوسکتی ہے؟

Related Articles