ایک منٹ تاخیر سے آنے پر ملازمین کو سزا دینے والا مالک تنقید کی زد میں آگیا
لندن،جون۔دفتر کوئی بھی ہو تاخیر سے آنے والے ملازمین سے پوچھ گچھ اور کبھی کبھار کئی وارننگ کے بعد ان کے خلاف ایکشن بھی لیا جاتا ہے۔البتہ سوشل میڈیا پر ان دنوں ایک مالک اپنے ملازمین کے صرف ایک منٹ تاخیر پر دفتر آنے پر انہیں سزا دینے کی وجہ سے تنقید کی زد میں ہے۔برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان دنوں سوشل میڈیا پر آفس میں مالک کی جانب سے ایک منفرد سزا کا نوٹس موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔اطلاعات کے مطابق دفتر میں لگائے نوٹس میں مالک کی جانب سے ملازمین سے کہا گیا ہیکہ اگر آپ دفتر کے اوقات سے ایک منٹ تاخیر سے آئے تو آپ کو 6 بجے کے بعد 10 منٹ اضافی کام کرنا ہوگا۔نوٹس کے مطابق مثلاً اگر صبح 10 بج کر 2 منٹ پر آفس آتے ہیں تو آپ کو شام 6 بجے کے بعد 20 منٹ اضافی کام کرنا پڑے گا۔تاہم سوشل میڈیا پر اس نوٹس کے وائرل ہونے کے بعد صارفین نے دفتر کے مالک کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ایک صارف نے مالک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ ملازمین کو کھونا چاہتے ہیں؟ کیونکہ اس طرح آپ کے ملازمین آپ کو چھوڑ کر چلے جائیں گے۔برطانوی میڈیا کے مطابق ایک اور صارف نے لکھا کہ کمپنی ہماری شفٹ شروع ہونے سے 5 منٹ پہلے ہم سے ڈپارٹمنٹ میں آنے کی توقع رکھتی ہے لیکن اگر ہم 5 منٹ زیادہ کام کرتے ہیں تو ہمیں اس کے اضافی پیسے ادا کرنے کو تیار نہیں ہوتی۔اس کے علاوہ بھی کئی صارفین نے اس نئے قانون کو ملازمین کے حقوق کے برعکس اورغیر قانوی قرار دیا۔خیال رہے کہ برطانوی میڈیا کی رپورٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ دفتر کا یہ نیا قانون کس شہر کے آفس میں لاگو ہورہا ہے۔