شدید گرمی کی وجہ سے اسکولوں کی تعطیل میں 15دنوں کا اضافہ

کلکتہ ،جون۔ریاستی محکمہ تعلیم نے گرمیوں کی تعطیلات میں اضافے کے لیے رہنما خطوط جاری کردئیے ہیں۔ حکومت نے شدید گرمی کی لہر کے نتیجے میں متعدد افراد کی موت کے بعد تعطیلات میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ طلباء کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے گرمیوں کی تعطیلات بڑھا دی گئیں۔ گرمیوں کی تعطیلات میں 26 جون تک توسیع کی گئی ہے۔ محکمہ سکول تعلیم نے بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن اور ہائر ایجوکیشن کونسل کو ہدایت دی ہے کہ وہ گائیڈ لائنز جلدی سے جاری کریں۔ریاستی حکومت نے سی بی ایس سی بورڈز اور آئی سی ایس سی بورڈز کو بھی ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ان ہدایات کو ان اسکولوں میں لاگو کرنے کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں جوان دونوں بورڈز سے منظور شدہ ہیں۔محکمہ تعلیم کے ذرائع کے مطابق، وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اتوار کو شمالی 24 پرگنہ کے پانیہاٹی میں گرمی کی لہر کی وجہ سے کئی افراد کی موت اور بیمارہونے پر تشویش کا اظہار کیاتھا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا تھا کہ گرمی اسی طرح جاری رہی تو اسکول کے بچوں کو بہت پریشانی ہوگی۔ جس کے بعد انہوں نے وزیر تعلیم سے کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔اس سے قبل 15 جون تک چھٹی کا اعلان کیا گیا تھا۔ اب مزید دو ہفتوں کے لیے بڑھا دیا گیا۔ ابھی تک بارش نہیں ہوئی۔ ادھر شمال میں بارش کے باوجود جنوبی بنگال میں شدید گرمی ہے۔ اس صورتحال میں سرکاری سکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات میں مزید 15 روز کا اضافہ کیا جارہا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اتوار کو وزیر تعلیم برتیا باسو سے اس مسئلہ پر بات چیت کی تھی۔اور تعطیل میں اضافہ کرنے کی ہدایت دی تھی۔

 

Related Articles