کانگریس لیڈر سندیپ تنور عام آدمی پارٹی میں شامل
نئی دہلی، مئی۔ عام آدمی پارٹی (عآپ ) کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے ہفتہ کو کانگریس لیڈر سندیپ تنور اور دیگر سینکڑوں ساتھیوں کا پارٹی میں شامل ہونے پر خیرمقدم کیا۔سنگھ نے کہا کہ کیجریوال کے ماڈل اور پارٹی کی کام کی سیاست سے متاثر ہو کر نہ صرف دہلی بلکہ ملک کے مختلف حصوں سے مختلف علاقوں اور مختلف پارٹیوں کے لوگ مسلسل عام آدمی پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں آج کانگریس لیڈر تنورعآپ میں شامل ہو رہے ہیں۔ ان کے ساتھ سینکڑوں ساتھی بھی آج پارٹی میں شامل ہو چکے ہیں۔ میں عام آدمی پارٹی میں سبھی کا پرتپاک استقبال کرتا ہوں۔ عآپ لیڈر سنجے سنگھ نے کہا کہ مسٹر تنور کا تعلق راجندر نگر ودھان سبھا سے ہے۔ اس علاقے میں اس کی مضبوط گرفت ہے۔ مجھے یقین ہے کہ وہ راجندر نگر ضمنی انتخاب میں عآپ کی جیت کے امکانات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے کام کریں گے۔ ان کی آمد سے پوری پارٹی خوش ہے۔ دہلی بی جے پی کی حالت بہت خراب ہے، خاص طور پر راجندر نگر اسمبلی کے ضمنی انتخاب میں، اور ایسے ساتھیوں کے شامل ہونے سے انتخابات میں ہماری جیت کے امکانات مسلسل بڑھیں گے۔