فلموں کی نمائش، پریس کانفرنسز اور پارٹیز
کان فلم فیسٹیول مکمل رونقوں کے ساتھ شروع
پیرس،مئی۔فرانس کے پْر فضا مقام کان میں فلمی دنیا کا سب سے بڑا میلا ‘کان فلم فیسٹیول’ سج گیا ہے جس میں دنیا بھر سے فلم نگری کی ممتاز شخصیات جمع ہوتی ہیں۔گزشتہ دو برس عالمی وبا کرونا وائرس کی وجہ سے متاثر ہونے والا یہ ایونٹ اس سال مکمل رونقوں کے ساتھ شروع ہوا ہے۔سال 2020 میں کرونا وائرس کی وجہ سے کان فلم فیسٹیول ملتوی کر دیا گیا تھا جب کہ 2021 میں فلم فیسٹیول جولائی میں سخت کرونا ایس او پیز کے سائے تلے منعقد ہوا تھا۔سترہ مئی سے شروع ہونے والا یہ میلا 28 مئی تک جاری رہے گا جس میں فلموں کی نمائش، پریس کانفرنسز اور لیٹ نائٹ پارٹیز ہوں گی۔خبروںکے مطابق رواں برس کان فلم فیسٹیول کی جیوری کے سربراہ فرانسیسی اداکار ونسنٹ لنڈن ہیں جب کہ جیوری کے ارکان میں بالی وڈ کی اداکارہ دیپیکا پڈوکون، امریکی اداکارہ ربیکا ہال، امریکی ہدایت کار جیف نکلز، فرانسیسی ہدایت کار لیج لی، نارویجین ہدایت کار یوکم ٹریئر، سوئڈش اداکارہ نومی راپوس، اطالوی اداکارہ جیسمن ٹرنکا اور ایرانی ہدایت کار اصغر فرحدی شامل ہیں۔منگل کو کان فلم فیسٹیول کا آغاز زومبی کامیڈی فلم ‘فائنل کٹ’ کی نمائش سے ہوا جب کہ افتتاحی تقریب میں یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔بارہ روز تک جاری رہنے والے اس فیسٹیول میں فلم ‘ماریوپول 2’، ‘فار دی سیک آف پیس’، ‘ٹاپ گن: میورک’ اور ‘فادر اینڈ سولجر’سمیت متعدد فلموں کی نمائش کی جائے گی۔یاد رہے کہ ہالی وڈ اسٹار ٹام کروز اپنی فلم ‘ٹاپ گن: میورک’ کو لانچ کرنے کے لیے بدھ کو تیس برس کے دوران پہلی بار کان فلم فیسٹیول میں شرکت کریں گے۔انہوں نے آخری بار سن 1992میں اپنی فلم ‘فار اینڈ اوے’ کے پریمئر کے لیے کان فلم فیسٹیول میں شرکت کی تھی۔واضح رہے کہ رواں برس کان فلم فیسٹیول میں روس کے سرکاری وفود کی شرکت پر پابندی عائد کی گئی ہے البتہ فیسٹیول میں جلاوطن روسی ہدایت کار کیرل سریبرینیکف کی فلم ‘ٹائیکوفسکی وائف’ نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔روسی ہدایت کار کیرل سریبرینیکف یوکرین میں جاری جنگ کے حوالے سے کھل کر بات کرتے ہیں۔اس کے علاوہ فیسٹیول میں یوکرینی فلم ‘بٹر فلائے ویڑن’ بھی پیش کی جائے گی جو ایک ایسی نوجوان یوکرینی خاتون کے گرد گھومتی ہے جو قید سے رہائی کے بعد واپس اپنے ملک آتی ہے۔