نتیش نے بدھ پورنیما کے موقع پر منعقدہ پروگرام میں شرکت کی
پٹنہ, مئی۔وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج بدھ اسمرتی پارک میں بھگوان بدھ کے 2566 ویں یوم پیدائش کے موقع پر منعقد ایک خصوصی پروگرام میں بھگوان بدھ کی پوجا کی۔ وزیر اعلی نے بدھ اسمرتی پارک میں بھگوان بدھ، بودھی درخت اور آنند بودھی درخت کی پوجا کی۔ بدھ مت مذہبی پیشوا نے وزیر اعلیٰ کو پوجا کرائی۔وزیراعلیٰ نے بدھ اسمرتی پارک میں پاٹلی پتر کرونا استوپ میں بھگوان بدھ کی ’استھی‘ کے سامنے پوجاکی ، طواف کیا اور بھگوان بدھ کا’ دھیان‘ کیا۔انہوں نے بدھ راہبوں کے ساتھ بیٹھ کردنیا میں امن کی دعاکی اور ریاست اور ملک کے لیے خوشحالی اور امن کی دعا کی۔ وزیراعلیٰ نے بدھ اسمرتی پارک میں لگائے گئے بدھ کے مجسمے اور بودھ گیا کے بودھی درخت اور سری لنکا کے انورادھا پورم سے لائے گئے درخت کی پوجا کی۔ وزیر اعلیٰ ’وپاسنا‘ سنٹر گئے اور وہاں کے تمام انتظامات کے بارے میں دریافت کیا اور وہاں بھی عقیدت کا اظہارکیا۔ ’وپاسنا‘ سنٹر کے منتظم کار نے وپاسنا سنٹر کی تعمیر اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کے لیے وزیر اعلیٰ سے اظہار تشکر کیا۔ ’وپاسنا‘ سینٹر میں مراقبہ کے بعد اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ نے کہاجس دن ایک ٹیم نے مجھ سے وپاسنا سینٹر قائم کرنے کے لیے ملاقات کی تھی، اس کے ماہر ستیانارائن گوئنکا جی کا انتقال ہوگیا۔ یہ اتفاق ہے کہ جب طے ہوا تو اسی دن رخصت ہوگئے۔ یہ 10 منٹ کا مراقبہ انہی کی آواز میں کیا جاتا ہے۔ ان کی آواز اچھی تھی۔ ویسے تو ہم لوگ پہلے سے ہی بنا رہے تھے۔ جب وپاسنا کے بارے میں مکمل معلومات حاصل ہوئیں تو فیصلہ کیا گیا کہ یہاں وپاسنا سنٹر قائم کیا جائے گا۔ یہ آپ ہی لوگوں کے مطابق اور آپ کے ہی موافق بنایا گیا ہے۔ جب یہ تیار ہوا تو میں بہت خوش تھا۔ مجھے یقین ہے کہ لوگ وپاسنا کے بارے میں جانتے ہوں گے۔ اس کی شروعات سب سے پہلے ممبئی میں ہوئی تھی۔ اب یہاں شروع ہوا ہے، یہ بہت اچھی بات ہے۔ اس کی تشہیر کریں تاکہ لوگ اس کے بارے میں جانیں۔ اب تو بچے اور بچیاں بھی یہاں آنے لگے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم صبح کی چہل قدمی کے بعد 10 منٹ تک وپاسنا کا عمل بھی کرتے ہیں تو بہت اچھامحسوس ہوتا ہے۔.10 دن تک یہاں آنے سے لوگ ہر چیز کو پوری طرح سمجھیں گے اور ہر چیز کا مطالعہ کریں گے۔ وپاسنا میں یہاں آنے والے لوگوں کے لیے رہائش اور کھانے کا انتظام کیا گیا ہے۔ ہر ایک چیز کا خیال رکھا گیا ہے۔ انہیں کہاں پڑھایا جائے گا، کہاں آرام کریں گے، کھانے کا انتظام کہاں ہوگا، یہ سب کام ہو چکا ہے۔ کورونا کی وجہ سے دو سال سے یہاں آنے کا موقع نہیں ملا۔ ہمیں اس بار آنے کا موقع ملا ہے تو ہمیں بہت خوش ہوئی ہے۔ یہاں کیے گئے انتظامات کے بارے میں آپ لوگوں سے معلومات حاصل ہوئی ہیں۔ آپ لوگ اس کوبہترطریقہ سے چلاتے ہیں۔ ہمارامکمل تعاون ہے۔ ہمارے افسران اس کے لیے ہروقت تیار ہیں۔ کسی بھی قسم کی ضرورت ہو تو مہیا کر دی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ویشالی کی ایک الگ اہمیت ہے۔ ’بدھ سمیک درشن‘ میوزیم یہاں بہت اچھی طرح سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔بہار میں سیاحوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ یہاں پر ملک کے لوگ توآتے ہی ہیں، بیرون ملک سے بھی سیاحوں کی بڑی تعداد آتی ہے۔ سیاح بودھ گیا اور راجگیر جاتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ وہ ویشالی بھی جائیں۔ بھگوان بدھ نے بودھ گیا میں عرفان حاصل کیا۔وہ راجگیر میں خطبہ دیا کرتے تھے، اور یہیں رہتے تھے۔ راجگیر میں جس جگہ وہ رہتے تھے اس کو بھی ڈیولپ کیاگیا ہے۔ بھگوان بدھ نے پہلی بار خواتین کو ویشالی میں ’بودھ سنگھ‘ میں داخل کرایا تھا۔ بدھ اسمرتی پارک جہاں بنایا گیا ہے وہ پہلے جیل ہوا کرتا تھا۔ جے پی تحریک کے دوران ہم بھی یہاں جیل میں تھے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ بدھ اسمرتی پارک میں آئیں گے اور سب کچھ جانیں گے۔ مجھے یہاں دیکھ کر بچے اور بچیاں بھی بہت خوش ہیں۔ یہ اچھی بات ہے کہ بچوں اور بچیوں کو بھی اس میں دلچسپی بڑھ رہی ہے، اس سے ان کے علم میں اضافہ ہوگا اورذہن بھی مضبوط ہوگا۔ہمیں آپس میں محبت کا جذبہ رکھنا ہے، کسی سے جھگڑا نہیں کرنا ہے، یہاں آ کر لوگ یہ سب سیکھیں گے، یہ اچھی بات ہے۔ مجھے آج یہاں آنے کا موقع ملا اور یہاں آکر خوشی ہوئی۔ اس کے بعد وزیر اعلیٰ نے بدھ میوزیم کا دورہ کیا۔ اس موقع پر نائب وزیر اعلی تارکیشور پرساد، عمارت تعمیرات کے وزیر اشوک چودھری، پٹنہ میونسپل کارپوریشن کی میئر محترمہ سیتا ساہو، چیف سکریٹری عامر سبحانی، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل مشیر مسٹر منیش کمار ورما، شہری ترقیات ورہائش محکمہ کے پرنسپل سکریٹری آنند کشور، وزیراعلیٰ کے سکریٹری مسٹر انوپم کمار، محکمہ تعمیرات کے سکریٹری مسٹر کمار روی، ڈی ایم مسٹر چندر شیکھر سنگھ، میونسپل کمشنر مسٹر انیمیش پراشر،ایس ایس پی مسٹر مانوجیت سنگھ۔ ڈھلو، بہار اسٹیٹ سٹیزن کونسل کے سابق جنرل سکریٹری مسٹر اروند سنگھ، بدھ بھانتے سمیت دیگر معززین موجود تھے۔ پروگرام کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آپ سب جانتے ہیں کہ سال 2007 میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ یہاں بدھ اسمرتی پارک بنایا جائے گا۔ جب بدھ اسمرتی پارک تیار ہوا تو یہاں تمام سہولیات مہیا کر دی گئیں۔ ہم ہمیشہ یہاں آتے ہیں۔ گزشتہ دو سالوں سے کورونا کی وجہ سے یہاں نہیں آسکے۔ ہم آج یہاں آکر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے بدھ میوزیم میں بدھ سے متعلق چیزیں بھی لوگ آتے ہیں اور دیکھتے ہیں۔ یہاں بچے اور بچیاں بھی آتے ہیں اور مہاتما بدھ سے متعلق کئی طرح کی معلومات حاصل کرتے ہیں۔ یہاں کئی طرح کے کام ہوئے ہیں، بودھی کے درخت بھی لگائے گئے ہیں۔ لوگ یہاں آ کر بہت خوش ہیں۔ سیاحت کے پیش نظر یہاں ایک بین الاقوامی کانفرنس کا بھی انعقاد ہواتھا۔ بدھ سمرتی پارک کو ایک خاص جگہ کے طور پر تیار کیا گیا ہے۔ آج بھگوان بدھ کی یاد کا دن ہے۔ اگر لوگ یہاں آئیں گے تو انہیں کئی طرح کی معلومات ملے گی، ان کے علم میں اضافہ ہوگا، اچھی سمجھ پیدا ہوگی اور وہ زندگی میں اچھے راستے پر آگے بڑھیں گے۔ ترقی کے لیے بہتر کام کریں گے۔ دنیا کے کئی ممالک میں لوگ بھگوان بدھ کو مانتے ہیں۔ ہم اس خاص موقع پر انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔