بی جے پی تلنگانہ میں کس طرح نوجوانوں کو روزگار فراہم کرے گی؟: شرمیلا

حیدرآباد، مئی۔ وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کی سربراہ وائی ایس شرمیلا نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے یاد دہانی کروائی کہ 2014ء کے انتخابات کے موقع پر بی جے پی نے نوجوانوں کو 2 کروڑ ملازمتیں فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن وہ اس وعدہ کو پورا کرنے میں ناکام رہی۔ انہوں نے کہا کہ امیت شاہ اب بیروزگاروں کو روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کررہے ہیں لیکن ان کی باتوں میں کوئی وزن یا ان کے کوئی معنی نہیں ہیں۔ امیت شاہ وزیراعلی تلنگانہ چندرشیکھرراو کے گھپلوں پر ان کے خلاف کارروائی کرنے میں بھی ناکام رہے ہیں۔ شرمیلا نے مزید کہا کہ امیت شاہ یہ دعوی کررہے ہیں کہ مرکز کا ریاستی حکومت کے ساتھ تلنگانہ میں مساوی حصہ ہے۔ انہوں نے پوچھا کہ گذشتہ 8 برس کے باوجود بھی مرکزنوجوانوں کو 2 کروڑ ملازمتیں فراہم نہیں کرسکا۔ وہ تلنگانہ میں کس طرح نوجوانوں کو روزگار فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت تلنگانہ کے کسانوں سے نیم ابلے چاول کی خریداری سے انکار کیا ہے اور مرکزی وزیر داخلہ یہاں کسانوں کی بہبود کی بات کررہے ہیں۔شرمیلا نے پوچھا کہ جب آندھراپردیش تنظیم جدید قانون پر عمل کرنے میں بی جے پی ناکام رہی تو پھر وہ ریاست میں برسراقتدار آنے کے لئے ایک موقع دینے کی عوام سے کیوں خواہش کررہی ہے۔

 

Related Articles