زراعت پر مبنی صنعتوں کو فروغ دینے کے طریقے تلاش کرنے کی ضرورت ہے: مودی

سورت، اپریل ۔وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو کہا کہ ہمیں زراعت پر مبنی صنعتوں کو فروغ دینے کے طریقے تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ ایسی کوششوں سے خوردنی تیل کی درآمد کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔گجرات کے سورت میں پاٹیدار برادری کی ایک تنظیم سرداردھام کے ذریعہ منعقدہ گلوبل پاٹیدار بزنس کانفرنس (جی پی بی ایس) کا آج افتتاح کرتے ہوئے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے گجراتی میں مسٹر مودی نے پاٹیدار برادری سے کہا کہ وہ قومی مفاد کے مسائل پر کام کریں اور مختلف خیالات اور گلوبل سطح کے کام کاج اور حکومتی پالیسیوں کو مرتب کرنے اور تجزیہ کرنے کے لیے تجربہ کار اور نوجوان اراکین کا ایک گروپ بنانے کو کہا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ فنٹیک، اسکل ڈویلپمنٹ، فنانشل انکلوژن وغیرہ جیسے موضوعات پر حکومت اور تعلیمی اداروں کو مناسب اقدامات تجویز کیے جا سکتے ہیں۔ اسی طرح قومی تعلیمی پالیسی کے جامع نفاذ کے لیے بہترین طریقہ تلاش کیا جا سکتا ہے اور ہر سطح پر مفید اقدامات تجویز کیے جا سکتے ہیں۔وزیراعظم نے سمٹ کے شرکاء سے زراعت کو جدید بنانے اور زراعت میں سرمایہ کاری کے طریقے تلاش کرنے کو بھی کہا۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ گجرات کی زمین کا مطالعہ کرنے کے لیے ٹیمیں تشکیل دی جائیں جس کا مقصد زراعت کے نئے طریقے اور نئی فصلیں تجویز کرنا ہے۔ انہوں نے چند دہائیاں قبل گجرات میں ڈیری موومنٹ کے تصور کو اپنانے کی مثال پیش کی جس نے گجرات کے کسانوں کا معاشی منظر نامہ بدل دیا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں زراعت پر مبنی صنعتوں کو فروغ دینے کے طریقے تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ ایسی کوششوں سے خوردنی تیل کی درآمد کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے فوڈ پروسیسنگ انڈسٹری کے وسیع امکانات پر بھی زور دیا۔

 

Related Articles