بھارت کی سب سے لمبی زبان والا شخص، لمبائی جان کر حیران رہ جائیں گے
دہلی،مارچ۔بھارت کی سب سے لمبی زبان والا شخص سامنے آگیا ہے ، جس کی زبان کی لمبائی عام انسان سے کئی زیادہ ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈیا بک آف ریکارڈز میں شامل ہونے والے ریاست تامل ناڈو سے تعلق رکھنے والے 21 سال کے پراوین کی زبان 10.8 سینٹی میٹر لمبی ہے۔اسکاٹ لینڈ کی ایڈنبرا یونیورسٹی کے مطابق اوسطاً انسانی مرد کی زبان تقریباً 8.5 سینٹی میٹر لمبی ہوتی ہے، جس سے کے پراوین کی زبان 2 سینٹی میٹر سے زیادہ لمبی ہے اور شاید یہ دنیا کی سب سے لمبی انسانی زبان ہے۔رپورٹس کے مطابق پراوین اپنی لمبی زبان سے دوستوں اور خاندان والوں کو الگ الگ حرکتیں کرکے بھی دکھاتے ہیں جیسے زبان کو ناک پر لگانا، آنکھوں تک لے جانے کی کوشش کرنا جبکہ اس لمبی زبان سے کہنی کو چھونا شامل ہے۔اطلاعات کے مطابق فنڈز کی کمی کی وجہ سے پراوین اپنی زبان کی سرکاری طور پرگنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کے حکام سے پیمائش نہیں کروا سکے لیکن ملک میں سب سے لمبی زبان رکھنے کی وجہ سے انہوں نے اپنا نام بھارت کے ‘لمکا بک آف ریکارڈز’میں درج کرالیا ہے۔چند سال قبل پراوین ایک منٹ میں 219 بار اپنی ناک کو زبان سے چھونے پر ایشیا بک آف ریکارڈز میں اپنا نام درج کرانے میں کامیاب ہوئے تھے۔رپورٹس کے مطابق دنیا کی سب سے لمبی زبان کا گنیز ریکارڈ اس وقت کیلیفورنیا کے نک اسٹوبرل کے پاس ہے جن کی زبان کی لمبائی 10.1 سینٹی میٹر ہے جو پراوین کی زبان سے 0.7 سینٹی میٹر چھوٹی ہے۔ پراوین اب فنڈز اکٹھا کرنے ،گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈزکے حکام سے رجوع کرنے اور اپنی زبان ریکارڈ بک میں شامل کروانے کا منصوبہ بنارہے ہیں۔