اسٹالن کی متحدہ عرب امارات کو تمل ناڈو میں سرمایہ کاری کی دعوت
چنئی ،مارچ۔تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن نے جمعہ کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے دو وزراء اور سرمایہ کاروں کے ایک وفد سے ملاقات کی اور انہیں ریاست میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔مسٹر اسٹالن متحدہ عرب امارات کے چار روزہ دورے پر ہیں۔سرکاری معلومات کے مطابق مسٹر اسٹالن نے دبئی انٹرنیشنل فنانشل سنٹر میں متحدہ عرب امارات کے وزیر تجارت بن طوق المری اور غیر ملکی تجارت کے وزیر ڈاکٹرثانی بن احمد الزیودی سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ تمل ناڈو میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات کے دوران زراعت، فوڈ پروسیسنگ، ٹیکسٹائل، زیورات، ای وہیکلز، موٹر وہیکلز، گاڑیوں کے اسپیئر پارٹس اور قابل تجدید توانائی میں سرمایہ کاری کے ذریعے مل کر کام کرنے کے روڈ میپ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔میٹنگ میں وزیر اعلیٰ نے ریاست میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کے دونوں وزراء اور سرمایہ کاروں کے وفد کو تمل ناڈو کا دورہ کرنے کی باضابطہ دعوت دی۔