آئی ٹی آئی سے کامیاب ہونے والے طلباء ایک نیا باب لکھیں گے: منیش سسودیا
نئی دہلی، مارچ۔ دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر تعلیم منیش سسودیا نے جمعہ کو آئی ٹی آئی جہانگیر پوری میں اسٹیٖٹ آف انفرااسٹرکچر سے لیس نئے اکیڈمک بلاک، کاسمیٹولوجی لیب اور جدید بلگنگ لیب کا افتتاح کیا ۔اس موقع پر مسٹر سسودیا نے کہا کہ آئی ٹی آئی جیسے اداروں سے تربیت حاصل کرنے کے بعد نکلنے والے ہونہار طلبہ مستقبل کے لیے ایک نیا باب لکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک تب ہی ترقی یافتہ ہو گا جب ملک کا ہر نوجوان ہنر مند ہو گا، اس لیے ڈگری حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو ہنر مند بننا ہو گا۔ ہمارے آئی ٹی آئی کے طلباء اپنی صلاحیتوں کی وجہ سے بڑی بڑی کمپنیوں میں نوکریاں حاصل کر رہے ہیں، لیکن اب ایسا ماحول بنانے کی ضرورت ہے جس سے کہ وہ صرف نوکری کرنے والے ہی نہ بنیں بلکہ نوکری دینے والے بھی بنیں اور اگر نوکری کربھی رہے ہیں تو اتنے بہتر طریقہ سے کریں کہ ان کے کام کی وجہ سے سینکڑوں نئی ملازمتیں پیدا ہوں۔‘‘انہوں نے کہا کہ آئی ٹی آئی میں مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق کوالٹی لیبز قائم کی جا رہی ہیں تاکہ بچوں کو مختلف فیلڈ ورک کا تجربہ حاصل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا میں پروفیشنل کورسز پر توجہ دی جارہی ہے، لیکن آج بھی ہندوستان کے ساتھ ساتھ بہت سے ترقی پذیر ممالک میں بھی بچوں کے ذہنوں میں یہ بات ڈالی جاتی ہے کہ اگر انہوں نے گریجویشن نہیں کیا تو کچھ نہیں کیا۔ اس کے برعکس ترقی یافتہ ممالک میں ٹیکنیکل ایجوکیشن پر مزید توجہ دی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج جب آٹھویں جماعت کی اہلیت کی کوئی ویکنسی نکلتی ہے تو ہزاروں گریجویٹ بچے اس نوکری کو حاصل کرنے کے لیے قطار میں کھڑے ہوتے ہیں۔ ایسے میں اس گریجویشن کی ڈگری کا کیا فائدہ جو آپ کو نوکری نہ دلا سکے۔انہوں نےمزید کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں آئی ٹی آئی میں زبردست تبدیلی آئی ہے اور بازار کی مانگ کو مدنظر رکھتے ہوئے یہاں معیاری تکنیکی تعلیم کو فروغ دیا گیا ہے۔