زرعی قوانین واپس لے کر وزیراعظم نے کامیاب سیاستداں ہونے کا ثبوت دیا ہے : امت شاہ

نئی دہلی، نومبر ۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے تین نئے زرعی قوانین کو واپس لینے کے حکومت کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے یہ قدم اٹھا کر ایک کامیاب سیاستداں ہونے کا ثبوت دیاہے۔مسٹر مودی نے پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات اور پارلیمنٹ کےسرمائی اجلاس کے آغاز سے قبل جمعہ کی صبح قوم کے نام اپنے خطاب میں ان قوانین کو واپس لینے کا اعلان کیا۔مسٹر شاہ نے اس اعلان کے بعدٹویٹ کرکے کہا،’زرعی قوانین کے بارے میں وزیر اعظم نریندر مودی کا اعلان ایک خوش آئند اور مؤثر سیاسی اقدام ہے۔ جیسا کہ وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت کسانوں کی خدمت کرتی رہے گی اور ان کی کوششوں کی ہمیشہ حمایت کرے گی‘۔ ایک دیگر ٹویٹ میں انہوں نے کہا، ’نریندر مودی جی کے اعلان میں یہ حیرت انگیز بات ہے کہ انہوں نے اس اعلان کے لیے گُرو پَرو کے ایک خاص دن کا انتخاب کیا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کے ذہن میں ہر ہندوستانی کی فلاح کے علاوہ کوئی دوسرا خیال نہیں ہے۔انہوں نے غیر معمولی طرز حکمرانی کاثبوت دیا ہے‘۔وزیر اعظم نے کہا ہے کہ حکومت پارلیمنٹ کے آئندہ سرمائی اجلاس میں ان تینوں زرعی قوانین کو منسوخ کرنے کا آئینی عمل مکمل کرے گی۔

Related Articles