لندن : بے پردہ مخلوط تقریب نے ایرانی سفیر کو مشکل میں ڈال دیا
لندن،فروری۔کچھ عرصہ قبل ایرانی سفیر کی جانب سے منعقد کی گئی تقریب کے وڈیو کلپ اور تصاویر ایرانیوں کے بیچ پھیل جانے کے بعد ایسا نظر آ رہا ہے کہ محسن بہاروند اپنے عہدے سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔ایرانی خبر رساں ایجنسی ILNA کے مطابق لندن میں ایرانی سفیر بہاروند کو چند روز قبل تہران طلب کیا گیا تھا۔ یہ اقدام سوشل میڈیا پر ایرانی سفارت خانے کی جانب سے دیے گئے استقبالیے کے وڈیو کلپ گردش میں آنے کے بعد کیا گیا۔ مذکورہ وڈیو کلپ اور تصاویر میں تقریب میں شریک خواتین حجاب کے بغیر نظر آ رہی ہیں !محسن بہاروند کو ان کے منصب سے ہٹائے جانے کی بھرپور خبریں پھیل چکی ہیں۔وڈیو کلپ میں تقریب میں ایک خاتون پیانو بجاتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں۔ ان کے ساتھ موسیقی بجانے والی ایک اور خاتون حجاب کے بغیر موجود ہیں۔ایک اور وڈیو میں متعدد مہمان اور ذمے دار شخصیات کو واضح اور نمایاں طور پر بے پردہ خواتین کے ساتھ گھلتے ملتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس دوران سفارت خانے میں مہمانوں سے بھرے ہال کی دیوار پر ایرانی رہبر اعلی علی خامنہ ای اور انقلاب کے سرخیل خمینی کی تصاویر معلق نظر آ رہی ہیں۔ان تصاویر اور وڈیو کلپوں نے سوشل میڈیا پر تنقید کا دروازہ کھول دیا ہے۔ ایرانی شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ اس طرح کی تقریبات قوم کے لیے کتنی اہمیت کی حامل ہیں !اسی طرح یہ استفسار کیا جا رہا ہے کہ بد ترین اقتصادی حالات سے دوچار ایرانی عوام کے لیے سفارت خانوں میں سجائی جانے والی یہ رات کی محفلیں کیا فائدہ پہنچائیں گی ؟