44 واں قاہرہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول، فلموں کا اندراج 15 مئی سے شروع کیا جائیگا

قاہرہ،اپریل۔قاہرہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے منتظمین نے 44ویں فلم فیسٹیول کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انٹرنیشنل ایونٹ 13 سے 22 نومبر تک جاری رہے گا۔عرب نیوز کے مطابق انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کی اس تقریب کے دوران قاہرہ اوپیرا ہاؤس میں ایوارڈ یافتہ فلموں کی نمائش کی جائے گی۔اس سالانہ تقریب میں شمولیت اختیار کرنے کے لیے 15 مئی سے 15 اگست تک فلموں کا اندراج کرایا جا سکے گا۔معروف مصری اداکار اور فیسٹیول کے صدر حسین فہمی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہیکہ 44 ویں فلم فیسٹیول کی تیاریاں شروع ہو چکی ہیں اور ہم امید کر رہے ہیں کہ یہ ایڈیشن فیسٹیول کی میراث کے لائق شہرت حاصل کرے گا۔فیسٹیول کے ڈائریکٹر عامر رمسیس نے کہا ہے کہ ہم نے پروگرامنگ ٹیم کے ساتھ مل کر اس سال کی متوقع اہم فلموں پر توجہ مرکوز کر دی ہے اور فلموں کے معیار کا ہر طرح سے جائزہ لیا جائے گا۔گذشتہ سال ہونے والے قاہرہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے 43 ویں ایڈیشن میں 63 ممالک کی 98 فلموں کو معیار کے مطابق موقع دیا گیا تھا۔ان فلموں کے27 ورلڈ پریمیئرز، سات بین الاقوامی پریمیئرز، 44مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے پریمیئرز اور15عرب پریمیئرز ہوئے۔فلم فیسٹیول کے گزشتہ سال2021کے ایونٹ میں 40 ہزار سے زیادہ ٹکٹس فروخت ہوئے تھے جب کہ عالمی وبا کورونا کے باعث اس سے قبل کے سال میں تعداد کم تھی۔فیسٹیول میں معروف مصری اداکارہ نیلی کو کیریئر اچیومنٹ ایوارڈ اور مصری اداکار کریم عبدالعزیز کو فاتن حمامہ ایوارڈ دیا گیا۔

Related Articles