بیجنگ ،مارچ۔ چین کا دعویٰ ہے کہ شمالی کوریا امریکا پر ایک بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا حملہ کرسکتا ہے جو صرف 33 منٹ میں امریکا کو نشانہ بنائے گا۔ بیجنگ میں سائنسدانوں نے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا ایک کمپیوٹرائز تجربہ اور تحقیق کی جس میں انکشاف کیا گیا کہ اگر امریکا کا جوہری دفاع میزائل کو روکنے میں ناکام رہا تو شمالی کوریا امریکا کو نشانہ بنانے کے قابل ہو جائے گا۔ بیجنگ انسٹیٹیوٹ آف الیکٹرانک سسٹمز انجینئرنگ کے سائنسدانوں کی ایک ٹیم کے مطابق شمالی کوریا کے جوہری صلاحیت کے حامل ہواسانگ میزائل کی رینج تقریباً 13 ہزار کلومیٹر ہے ،جو پورے امریکا پر حملہ کرنے کے لیے کافی رہے گی۔ سائنسدانوں کا کہناہے کہ امریکی جوہری دفاعی نظام میں خلا موجود ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سائنسدانوں نے کہا کہ بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کے کمپیوٹرائز تجربے میں ظاہر ہوا کہ موجودہ امریکی میزائل ڈیفنس نیٹ ورک میں کئی خلا موجود ہیں جنہیں حملوں کو روکنے اور ان کی نشاندہی کرنے میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔ چین کے انسٹیٹیوٹ برائے ایرو اسپیس ڈیفنس کی جانب سے شائع ہونے والی اس نئی تحقیق اور کمپیوٹرائز تجربے کی قیادت سائنسدان تانگ یوان نے کی اور اسے جدید دفاعی ٹیکنالوجی جرنل میں شائع کیاگیا ہے۔اس کمپیوٹرائز تجربے کا آغاز شمالی کوریا کے دارالحکومت پیانگ یانگ کے جنوب میں واقع شہر سنچون سے ہوا اور اس نے مسوری میں کولمبیا کو نشانہ بنایا۔

Related Articles