یو اے ای ریسکیو ٹیم 120 گھنٹے بعد بچے سمیت 2 افراد کو ملبے سے نکالنے میں کامیاب

قہرمان مرعش/ابوظبی،فروری۔جہاں گزرتے وقت کے ساتھ ملبے تلے زندگی کی امید ختم ہو رہی ہے وہیں امدادی ٹیمیں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو جلد از جلد نکالنے کے لیے پرعزم ہیں۔ متحدہ عرب امارات کی امدادی ٹیم نے ترکی میں تباہ کن زلزلے کے 120 گھنٹے بعد ملبے تلے دبے ایک بچے سمیت دو افراد کو بچا لیا۔صوبہ قہرمان مرعش میں متحدہ عرب امارات کے گیلنٹ نائٹ/2 آپریشن کے تحت، ایک طویل اور دشوار ریسکیو آپریشن کے بعد 11 سالہ بچہ اور ایک شخص ( 50 سے 60 سال ) کو نکال لیا گیا۔امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق ابتدائی طبی امداد کے بعد دونوں افراد بہتر جالت میں ہیں۔اس سے قبل ہفتے کے شروع میں، اماراتی امدادی ٹیموں نے پانچ گھنٹے کی تلاش کے بعد ترکی میں ملبے تلے دبے چار افراد پر مشتمل شامی خاندان کو بھی کامیابی سے نکال لیا تھا۔متحدہ عرب امارات کا گیلنٹ نائٹ/2 آپریشن پیر کی صبح ترکی اور شام کے درمیانی سرحدی علاقے میں آنے والے 7.8 شدت کے زلزلے کے بعد بین الاقوامی امدادی کوششوں کیا حصہ ہے، یہ علاقہ 13.5 ملین سے زیادہ آبادی پر مشتمل ہے۔اس قدرتی آفت سے مرنے والوں کی تعداد اب تک 24,000 ہو چکی ہے اور اس میں اضافے کا خدشہ ہے۔

Related Articles