یوکرین کے شہرخارکیف میں روس کے راکٹ حملے میں 11 افراد ہلاک،دسیوں زخمی

خارکیف،مارچ۔روسی فوج نے یوکرین کے شہر خارکیف کے رہائشی علاقے پرراکٹ داغے ہیں جس کے نتیجے میں گیارہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔خارکیف یوکرین کے شمال مشرق میں واقع ہے اور یہ ملک کا دوسرا بڑا شہرہے۔گذشتہ ہفتے روس کے یوکرین پر حملے کے بعد سے یہ شہر ایک بڑا میدان جنگ بن چکاہے۔خارکیف کی علاقائی انتظامیہ کے سربراہ اولیگ سنیگوبوف نے بتایا کہ روسی فوج شہرکے رہائشی علاقوں پر توپ خانے سے گولہ باری کررہی ہے جبکہ یہاں یوکرینی فوج کا کوئی ٹھکانا یا تزویراتی بنیادی ڈھانچا نہیں ہے۔انھوں نے کہا کہ راکٹ حملے دن کے وقت کیے جارہے ہیں، جب لوگ دواخانے، اشیائے خورونوش یا پینے کے پانی کے لیے باہرگئے ہیں۔یہ ایک جرم ہے۔انھوں نے راکٹ حملے میں گیارہ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ دسیوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔ان کے فراہم کردہ اعدادوشمار کی آزادانہ طور پر تصدیق فوری ممکن نہیں تھی۔اس سے قبل وزارت داخلہ کے مشیرانتون ہیراش چینکو نے کہا تھا کہ پیر کے روز خارکیف پرروس کے راکٹ حملوں میں درجنوں افراد ہلاک ہوئے ہیں۔روس یوکرین میں اپنی فوجی کارروائی کو ایک ’’خصوصی آپریشن‘‘قراردیتا ہے جس کے بارے میں اس کا کہنا ہے کہ یہ علاقے پر قابض ہونے کے لیے نہیں بلکہ جنوب میں واقع پڑوسی ملک کی فوجی صلاحیتوں کو تباہ کرنے اور خطرناک قوم پرستوں کو گرفت میں لانے کے لیے تیار کیا جارہا ہے۔اتوار کے روز یوکرین کی وزارت صحت نے بتایا تھا کہ روس کے حملے کے آغاز سے اب تک 14 بچوں سمیت 352 شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔قبل ازیں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی ہائی کمشنر میشیل باشلیٹ نے کہا تھا کہ پانچ روز قبل روس کے حملے کے بعد یوکرین میں سات بچوں سمیت 102 شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔انھوں نے خبردارکیا تھا کہ ہلاکتوں کی حقیقی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہوسکتی ہے۔

Related Articles