یوکرین میں روسی ڈرون طیاروں کی بمباری

کیف ،اکتوبر ۔یوکرین میں روسی ڈرون طیاروںنے بمباری کردی۔ یوکرینی صدر کے دفتر کے ڈائریکٹر آندرے یرمک نے بتایا کہ کیف پر کامیکازے ڈرونز سے بمباری کی گئی۔ حملہ ہوتے ہوئے حکام نے الارم بجا کر شہریوں کو پناہ گاہوں میں جانے کا انتباہ دے دیا۔ یوکرینی فضائیہ کے ترجمان کا کہناتھا کہ جوابی کارروائیوں میں 37 روسی ڈرون مار گرائے ہیں۔ تمام ڈرون جنوب سے یوکرین کی فضائی حدود میں داخل ہوئے تھے۔ بمباری میں رومنسکی میں بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا۔ کیف کے میئر نے تصدیق کی ہے کہ دارالحکومت کے مرکز میں دھماکے ہوئے اور بمباری کی وجہ سے کئی رہایشی عمارتیں تباہ اور 8افراد ہلاک ہوئے۔ بمباری کے بعد یوکرین کے 7دیگر علاقوں میں بھی فضائی الرٹ جاری کر دیا گیا۔ نکولائیف شہر میں کئی سرکاری تنصیبات میں آگ لگنے کی بھی اطلاعات ہیں۔ ادھر برطانوی انٹیلی جنس کا کہنا ہے کہ روسی فوج ماریوپول کے ذریعے رسد کی فراہمی میں اضافہ کر رہی ہے۔ برطانوی وزارت دفاع کے مطابق کریمیا پل پر بمباری کے بعد روس کو بڑے مسائل کا سامنا ہے۔ اب ماسکو رسد کو برقرار رکھنے کے لیے زپوریزیا میں اپنی افواج کی تعیناتی کو مضبوط بنانے پر توجہ دے رہا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق حالیہ کارروائیوں کے دوران یوکرین کی فضائیہ نے روسی ٹھکانوں پر 20سے زیادہ حملے کیے ہیں جس میں فوجیوں اور ہتھیاروں کے 17مراکز کو نشانہ بنایا۔

Related Articles