یوپی میں گرام سکریٹریٹ بنیں گے ہائی ٹیک، کابینہ کی مہر
لکھنؤ:جولائی۔ اترپردیش میں گرام سکریٹریٹ کو ای۔ گورننس اور آئی ٹی پر مبنی جدید خدمات سے جوڑنے متعلق یوگی حکومت کی اسکیم پر کابینہ نے آج مہر ثبت کردی۔وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی صدارت میں منگل کو ہوئی کابینہ کی میٹنگ میں اس حوالے سے تجویز کو منظوری دی گئی۔ حکومت کی جانب سے دی گئی جانکری کے مطابق گرام سکریٹریٹ کی تزئین کاری اور اس کے ذریعہ سے فراہم کی جانے والی خدمات کے ضمن میں پیش کئے گئے تجاویز کو منظوری فراہم کردی ہے۔ اس کے تحت سنٹر فار ای۔ گورننس،محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ الکٹرانک کے ذریعہ منتخب ڈسٹرکٹ سروس پرووائیڈر(ڈی ایس پی) کے ذریعہ سے گرام پنچایتوں میں کام کرنے والے پنچایت اسسٹنٹ، کامن سروس سنٹر مالک کے طور پر مجاز ہونگے۔ساتھ ہی کامن سروس سنٹر اور ای ۔ڈسٹرکٹ پورٹل کے ذریعہ سے فراہم کی جانے والی تمام خدمات(14ان خدمات کو شامل کرتے ہوئے جو اس وقت ای۔ڈسٹرکٹ پورٹل پر دستیاب نہیں ہیں۔ لیکن مستقبل میں آئی ٹی اور الکٹرانک ڈپارٹمنٹ کے ذریعہ فراہم کی جائیں گی)دیہی باشندوں کو پہلے سے طے چارج لے کر فراہم کی جائیں گی۔کامن سروس سنٹر مالکین کو موصول ہونے والا چارج ، گرام پنچایت کے کھاتے(گرام ندھی) میں گرام پنچایتوں کی آمدنی کی شکل میں جمع کیا جائے گا۔قابل ذکر ہے کہ ریاست میں کل 58189گرام پنچایتوں میں گرام سکریٹریٹ قائم کئے جارہے ہیں۔ ان سبھی گرام پنچایتوں میں گرام سکریٹریٹ بہتر طریقے سے چل سکیں اس کے لئے پنچایت اسسٹنٹ کی بھی تعیناتی کی گئی ہے۔ ابھی تک 56366پنچایت اسسٹنٹوں کو منتخب کر انہیں ٹریننگ کے کام پر لگایا جاچکا ہے۔ ان کی کامیابی کے لئے ضروری ہے کہ گرام سکریٹریٹ عوام کی روز مرہ کی سبھی ضروریات کو پورا کرسکیں۔اس پروجکٹ کے تحت ریاستی حکومت کے ذریعہ گرام پنچایت سکریٹریٹ کو کمپیوٹر و انٹر نیٹ کنکٹی وٹی دستیاب کرائی جارہی ہے۔ دیہی باشندوں کو ضروری دستاویزات و تصدیق نامے گرام سکریٹریٹ میں پنچایت اسسٹنٹ کے ذریعہ سے موصول ہوسکیں اس کا نظام بنایا جائے گا۔