یوپی:بے ضابطگی اور بدعنوانی کے الزام میں دو افسر معطل

لکھنؤ:اپریل۔ اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے منگل کو اپنی فرائض کی ادائیگی میں لاپرواہی برتنے اور بدعنوانی کے الزام میں ایک اسسٹنٹ کمشنر اور ایک جونیئر انجینئر کو معطل کردیا۔وزیر اعلی دفتر کی جانب سے دی گئی جانکاری کے مطابق ضلع بستی میں اسسٹنٹ کمشنر(انچارج) کمرشیل ٹیکس گشتی دستہ آشوتوش کو فوری اثر سے معطل کردیا گیا اس کے علاوہ غازی آباد ضلع کے صاحب آباد میں بغیر نقشہ منظوری کے غیر قانونی طور سے کثیر منزل عمارت تعمیر کئے جانے کے معاملے میں غازی آباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے جونیئر انجینئر شیو اوم کو بھی معطل کردیا گیا ہے۔وزیر اعلی دفتر کی جانب سے ٹوئٹر پر بھی اس فیصلے کی جانکاری دیتے ہوئے بتایا گیا’بغیرنقشہ کی منظوری کے کثیر منزلہ عمارت تعمیر کئے جانے کے معاملے میں متعلق جونیئر انجینئر غازی آباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی معطل’۔ایک دیگر ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ حکومتی نظام میں ایمانداری اور شفافیت کے تئیں پرعزم وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اسسٹنٹ کمشنر(انچارج)کمرشیل ٹیکس گشتی دستہ، اکائی بستی کو معطل کرنے کا حکم دیا ہے۔اس معاملے کے لئے جوائنٹ کمشنر(ای)گورکھپور کو جانچ افسر نامزد کیا گیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے بھی وزیر اعلی نے اپنے دوسرے میعاد کار کے لئے حلف لینے کے فورا بعد اوریا کے ڈی ایم کو بدعنوانی اور غازی آباد کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو جرائم پر کنٹرول نہ کر پانے الزام میں معطل کردیا تھا۔

Related Articles