یمن کی صدارتی قیادت کونسل کے سربراہ کی ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد سے ملاقات

ابوظبی،مئی۔یمن کی صدارتی قیادت کونسل کے سربراہ ڈاکٹررشادالعلیمی اور ان کے نائبین متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر ابوظبی پہنچے ہیں۔انھوں نے ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ملاقات کی ہے اور ان سے مختلف امور پر بات چیت کی ہے۔قبل ازیں یمن کی سرکاری خبررساں ایجنسی سبا نیاطلاع دی کہ رشادعلیمی اوران کے نائبین کا یہ سرکاری دورہ کئی روز تک جاری رہے گا،وہ اماراتی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ان میں سیاسی، اقتصادی، سلامتی اوردفاعی شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ان مذاکرات میں یمن کی تعمیرنو سے متعلق امورپر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ نیزجنگ کے مضمرات سے نمٹنے کے لیے درکار سیاسی اورترقیاتی سطح پرحمایت کو متحرک کرنے کے طریقوں پر بھی بات چیت کی جائے گی۔یمن کی نئی قیادت کونسل ایک چیئرمین اور سات وائس چیئرمینوں پر مشتمل ہے۔ اس نے رواں ماہ کے اوائل میں سابق صدرعبدربہ منصورہادی سے اقتدار سنبھالا تھا۔19پریل کو کونسل کی قیادت نے 2003 میں منتخب شدہ پارلیمان کے اراکین کے سامنے عدن میں بڑی حد تک ایک علامتی تقریب میں حلف اٹھایا تھا۔سعودی عرب میں یمنی مشاورت کے دورکے بعد اقوام متحدہ کی ثالثی میں 2 اپریل سے یمن میں متحارب فریقوں کے درمیان جنگ بندی جاری ہے۔اس مرتبہ ماضی کے برعکس فریقین کی جانب سے اس کی خلاف ورزیوں کے اکا دکا واقعات ہی کی اطلاع ملی ہے اور مجموعی طور پر جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد کیا جارہا ہے۔اس نے ملک میں پائیدارقیام امن کے لیے امید کی ایک کرن پیدا کی ہے اور یہ توقع کی جارہی ہے کہ اس سے یمن میں گذشتہ آٹھ سال سے جاری بحران کے حتمی حل کے لیے ایک سازگارماحول فراہم ہوگا۔

Related Articles