ہیما مالینی بھی حجاب کی مخالفت میں بول پڑیں
نئی دہلی ،فروری۔کرناٹک میں مسلمان طالبات کے حجاب پر پابندی کے معاملے پر بولی وڈ شخصیات کا چہرہ بے نقاب ہوگیا، سینئر اداکارہ اور بھارت کی حکمراں جماعت بی جے پی کی لوک سبھا رکن ہیما مالینی بھی حجاب کی مخالفت میں بول پڑیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بولی وڈ کی سینئر اداکارہ ہیما مالینی نے اسلام اور حجاب کے خلاف زہر اْگلنا شروع کردیا، اداکارہ نے حجاب کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ‘اسکول صرف تعلیم کیلئے ہے، مذہبی معاملات یہاں حل نہیں ہوتے’۔ہیما مالینی نے مزید کہا کہ ‘ہر اسکول کا ایک یونیفارم ہوتا ہے جس کی عزت کی جانی چاہیے، آپ کو جو کچھ (حجاب) بھی پہننا ہے اسکول سے باہر پہنیں’۔بولی وڈ اداکار کے متنازع بیان پر سوشل میڈیا پر تبصروں کا طوفان بپا ہوگیا، کچھ نے متعصب اداکارہ کے بیان کی تائید کی جب کہ متعدد نے ہیمامالینی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔نندیتا نامی صارف نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (پی جے پی) تو ہر وقت مذہب کا راگ الاپتی رہتی ہے جب کہ ایک اور صارف نے کہا کہ ‘بھارت میں اگلے مرحلے میں سکھوں کوپگڑی پہننے سے روکا جائیگا’۔