ہندی فلموں میں کام حاصل کرنے کی کبھی خود سے کوشش نہیں کی، نگر جونا

ممبئی،ستمبر۔جنوبی بھارت سے تعلق رکھنے والے معروف اداکار، فلم پروڈیوسر اور ٹیلی ویڑن پریزینٹر نگرجونا کا کہنا ہے کہ انہوں نے کبھی بھی ہندی فلموں میں کام حاصل کرنے کی کوشش نہیں کی، بلکہ جتنی بھی ہندی فلمیں کیں وہ وہاں کے فلمسازوں کے رابطہ کرنے پر کیں۔تلگو زبان کی فلموں کے حوالے سے مشہور اکنینی نگرجونا راؤ نے چند ایک ہندی اور تامل فلموں میں بھی کام کیا ہے، اب دو عشروں بعد ایک بار پھر وہ ہندی فلم برہمسترا میں کام کر رہے ہیں۔انہوں نے بالی ووڈ کی ہندی فلموں سے دوری کی وضاحت بھی کی، سن 1990 میں فلم شیوا سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے نگرجونا نے بلاک بسٹر ہندی فلم خدا گواہ، دروہی اور زخم سمیت کئی فلموں میں کام کیا۔ برہمسترا سے قبل ان کی آخر فلم 2003 میں ریلیز ہونے والی ایل او سی کارگل تھی۔ ایک حالیہ انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے نگرجونا کا کہنا تھا کہ انہیں ہندی فلموں میں اچھے آفر ہوئے لیکن ہوم برڈ ٹائپ (یعنی اپنی زبان اور علاقے) کا آدمی ہونے کی وجہ سے حیدرآباد کی فلموں کو ترجیح دی، لیکن بالی ووڈ میں ہمیشہ بہت ہی خاص رول کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں شروع سے یہ بات اہم سمجھتا ہوں کہ لوگوں کو اچھی طرح سے محظوظ کروں، ایسا نہیں کہ جو کردار آفر ہو اس کے پیچھے جاؤں، میں بالی ووڈ میں صرف اپنے تجربے اور اپنی روح کے اطمینان کے مطابق ملنے والے کام کرتا ہوں۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ریلیز ہونے والی فلم برہمسترا میں نگرجونا نے معروف ہیرو رنبیر کپور، عالیہ بھٹ اور امیتابھ بچن سمیت دیگر اداکاروں کے ساتھ اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

 

Related Articles