ہندوستان – روس کے تعاون سے خطے میں امن، خوشحالی اور استحکام آئےگا : راجناتھ
نئی دہلی، دسمبر۔وزیردفاع راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ ہندوستان اور روس کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون سے پورے خطے میں امن، خوشحالی اور استحکام آئے گا۔ ہندوستان اور روس کے دفاع اور وزرائے خارجہ کے درمیان پیر کو یہاں پہلی وزارتی سطح کی ٹو پلس ٹو بات چیت سے پہلے روس کے وزیردفاع سرگئی شوئیگو کے ساتھ یہاں سشما سوراج بھون میں دو طرفہ ملاقات کے بعد مسٹر سنگھ نے یہ بات کہی ۔ ملاقات کے بعد مسٹر سنگھ نے کہا کہ روسی وزیر دفاع کے ساتھ ان کی دفاعی تعاون کے شعبے میں نتیجہ خیز بات چیت ہوئی ۔ ہندوستان روس کے ساتھ خصوصی اسٹریٹجک شراکتداری کو بہت اہمیت دیتا ہے۔مسٹرسنگھ نے کہا کہ ہندوستان روس کی طرف سے مل رہی مضبوط حمایت کی دل کی گہرائیوں سے تعریف کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ ہمارا تعاون پورے خطے میں امن، خوشحالی اور استحکام لائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ اس بات چیت کے دوران چھوٹے ہتھیاروں اور فوجی تعاون سے متعلق معاہدوں اور پروٹوکول پر دستخط کئے گئے ۔ قبل ازیں مسٹر سنگھ نے یہاں سشما سوراج بھون میں روسی وزیر دفاع کا استقبال کیا۔روس کے وزیر دفاع ہندوستان کے ساتھ پہلے ٹو پلس ٹو وزارتی مذاکرات میں شرکت کے لیے اتوار کو یہاں پہنچے تھے ۔دو طرفہ ملاقات کے بعد دونوں رہنما ٹو پلس ٹو مذاکرات میں حصہ لیں گے۔ اس مذاکرات میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ بھی شرکت کریں گے ۔ اس کے بعد وزیراعظم نریندر مودی اورروسی صدر ولادیمیر پوتن کے درمیان سالانہ چوٹی کانفرنس ہوگی۔ہندوستان روس سے پہلے امریکہ، آسٹریلیا اور جاپان کے ساتھ بھی ٹو پلس ٹو مذاکرات کر چکا ہے۔