ہندوستان اپنی سیاحت کے لئے پوری دنیا میں مشہور : اوم برلا

نئی دہلی اکتوبر ۔ لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے ملک میں سیاحت کے وسیع امکانات کا ذکر کرتے ہوئےکہا کہ ہندوستان قدرتی وسائل، تاریخی مقامات، آثار قدیمہ کی یادگاروں اور مذہبی مقامات سے بھرا ہوا ملک ہے، جو عالمی سطح پر سیاحت کے لیے مشہور ہیں۔ آج یہاں وگیان بھون میں سیاحت کی وزارت کے زیر اہتمام "سیاحتی پولیس پر قومی کانفرنس” میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر برلا نے اس خیال کا اظہار کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دور میں سیاحت صرف سفر تک محدود نہیں ہے، بلکہ آج ہندوستان روحانیت، یوگا، آیوروید اور نیچروپیتھی کے مرکز کے طور پر پوری دنیا میں مشہور ہے۔ مختلف شعبوں میں ہندوستان کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ آج ہندوستان طبی سیاحت کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی سیاحت، کاروباری سیاحت اور تعلیمی سیاحت کے لیے ایک اہم مقام کے طور پر ابھر رہا ہے۔ سیاحت کے شعبے میں بڑھتے ہوئے ڈیجیٹلائزیشن کے بارے میں مسٹر برلا نے کہا کہ آج کے برق رفتار دور میں تمام سیاح اپنے سفر سے متعلق ہر معلومات موبائل کے ذریعے حاصل کرتے ہیں۔ مسٹر برلا نے ایک ایسا موبائل ایپلیکیشن تیار کرنے پر زور دیا جو سیاحوں سے متعلق تمام معلومات ان کی منزلوں تک متعدد زبانوں میں فراہم کرتا ہو۔ انہوں نے کہا کہ محفوظ اور آرام دہ سفر کو یقینی بنانے کے لیے اس ایپ کو دیگر سہولیات کے علاوہ ہوٹلوں، ٹیکسیوں، گائیڈز وغیرہ کے بارے میں اپ ڈیٹ اور مکمل معلومات سے لیس ہونا چاہیے اور ضرورت کے مطابق پولیس کی مدد حاصل کرنے سےمتعلق تفصیلات دستیاب ہونی چاہیے۔ لوک سبھا کے اسپیکر نے سیاحوں کے خلاف جرائم کے معاملات میں پولیس کی تیز رفتار کارروائی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے سیاحوں کا اعتماد بڑھتا ہے اور اچھا ماحول پیدا ہوتا ہے۔ مسٹر برلا نے سیاحت کی حفاظت کے نقطہ نظر سے کئی ریاستی حکومتوں کی طرف سے ٹورسٹ پولیس کے قیام کا خیرمقدم کیا اور تمام ریاستوں اور مرکزی حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ آپس میں بہترین طریقوں کا اشتراک کریں۔سیاحوں کو بہتر سیکورٹی فراہم کرنے کے بارے میں مسٹر برلا نے کہا کہ موثر سیکورٹی کے لیے ٹورسٹ پولیس کو مناسب ٹریننگ دینا ضروری ہے اور ان پولیس اہلکاروں کو بہت سی زبانوں کا علم ہونا چاہیے اور انہیں نئی ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کرنا چاہیے۔ ہندوستان کی طرف سے آئندہ جی 20 سربراہی اجلاس کی میزبانی کا حوالہ دیتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ جی 20 ممالک کے سربراہان مملکت، لیڈران اور حکام ملک کے اہم سیاحتی مقامات کا دورہ بھی کریں گے۔ یہ ایونٹ ہمیں مقبول سیاحتی علاقوں میں سیکورٹی اور پولیسنگ کو بہتر بنانے کا موقع فراہم کرے گا۔ مسٹر برلا نے کہا کہ جس ملک میں امن و امان بہتر ہو، وہاں زیادہ سیاح آتے ہیں۔ اس لیے اس حوالے سے پولیس کی تربیت ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹورسٹ پولیس کے سیاحوں کے ساتھ تعلقات دوستانہ ہونے چاہئیں اور سیاحت کے فروغ کے ساتھ سیاحوں کے لیے سہولیات اور سیکیورٹی میں اضافہ کیا جانا چاہیے۔مختلف زبانوں میں مہارت حاصل کرنے پر زور دیتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ زبان فرد کو ثقافت اور ملک سے جوڑنے کا ذریعہ ہے اور اس لیے تمام سیاحتی مقامات پر کثیر لسانی سیاحتی ہیلپ لائن کی سہولت ہونی چاہیے، جو سیاحوں کو ان کی زبان میں معلومات فراہم کر اسکے۔ اس کے ساتھ ہی ٹورسٹ گائیڈز خصوصاً خواتین گائیڈز کو کثیر لسانی ہونا چاہیے۔کورونا کے دور کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ اس عالمی وبا کی وجہ سے کئی ممالک میں سیاحت کا شعبہ متاثر ہوا اور معیشت بری طرح متاثر ہوئی۔ اس سے یہ سمجھا جا سکتا ہے کہ اقتصادی، سماجی تبدیلی اور روزگار کے نقطہ نظر سے سیاحت کسی بھی ملک کی اہم بنیاد ہے۔

Related Articles