ہندوستانی فضائیہ کے طیارے نے شام، ترکی میں زلزلے کا امدادی سامان پہنچایا

نئی دہلی، فروری ۔ ہندوستانی فضائیہ کا ساتواں طیارہ اتوار کو زلزلہ زدہ شام اور ترکی کے لیے طبی سامان اور آفات سے نمٹنے کے لیے امدادی سامان لے کر پہنچا۔ وزارت خارجہ نے یہ اطلاع دی۔ آپریشن دوست پروازوں نے 23 ٹن امدادی سامان دمشق اور 12 ٹن ترکی پہنچایا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے ٹویٹ کیا کہ طیارے نے سب سے پہلے زلزلہ سے متاثرہ دمشق میں امدادی سامان پہنچایا۔ ساتواں آپریشن دوست طیارہ 23 ٹن سے زیادہ امدادی سامان لے کر شام پہنچا، جس میں جین سیٹ، سولر لیمپ، ہنگامی اور اہم نگہداشت کی ادویات، اور قدرتی آفات سے متعلق امدادی سامان شامل ہیں۔ دمشق کے ہوائی اڈے پر مقامی انتظامیہ اور ماحولیات کے نائب وزیر معتاز دوزی نے سامان لیا۔ اس کے بعد امدادی سامان لے کر ترکی کے لئے پرواز بھری۔ آپریشن دوست کے تحت ساتویں پرواز ترکی کے لیے امدادی سامان لے کر ادانا ایئرپورٹ پہنچ گئی ہے۔ ترجمان نے پوسٹ کیا کہ اس میں طبی آلات جیسے مریضوں کے مانیٹر، ای سی جی، سیرینج پمپ اور آفات سے متعلق امدادی سامان کے ساتھ ساتھ زمین پر موجود ہماری ٹیموں کے لیے سامان بھی شامل ہے۔ ہندوستانی فضائیہ کا سی-17 طیارہ 35 ٹن سے زیادہ امدادی سامان لے کر گیا، جس میں سے 23 ٹن شام میں امدادی سرگرمیوں کے لیے اور تقریباً 12 ٹن ترکی کے لیے تھا۔ شام کو بھیجی جانے والی امداد میں امدادی سامان جیسے سلیپنگ میٹ، جینسیٹ، سولر لیمپ، ترپال، کمبل، ہنگامی اور اہم دیکھ بھال کی دوائیں اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے استعمال کی جانے والی اشیاء شامل ہیں۔ ترکی جانے والی اشیاء میں آرمی فیلڈ اسپتال اور این ڈی آر ایف کے لیے ٹیم کا سامان، طبی آلات جیسے ای سی جی، مریضوں کے مانیٹر، اینستھیسیا مشینیں، سیرینج پمپ، گلوکوومیٹر وغیرہ، کمبل اور دیگر امدادی سامان شامل ہیں۔ ہندوستانی فوج نے جنوبی ترکی کے صوبہ ہٹائے میں اسکنڈرون میں 30 بستروں کا فیلڈ اسپتال قائم کیا ہے۔ فیلڈ اسپتال ایکسرے مشینوں، وینٹی لیٹرز، ایک آپریشن تھیٹر اور ہنگامی حالات کے علاج کے لیے کریٹیکل کیئر ماہرین سے لیس ہے۔ ہندوستان نے 150 سے زیادہ این ڈی آر ایف اہلکاروں کو ترکی میں بچاؤ اور امدادی کارروائیوں کے لیے تعینات کیا ہے، اس کے ساتھ ڈاگ اسکواڈ، خصوصی آلات، گاڑیاں اور سامان منہدم ڈھانچے کے نیچے پھنسے ہوئے لوگوں کو ڈھونڈنے، تلاش کرنے، ان تک رسائی اور نکالنے کے لیے فراہم کیا گیا ہے۔ ترکی میں پیر کو آنے والے 7.8 ریکٹر کے زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

Related Articles