ہندستانی بحریہ پاکستان اور چین کی دو طرفہ کارروائیوں سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے: نیوی چیف
نئی دہلی، دسمبر ۔بحریہ کے سربراہ ایڈمرل آر ہری کمار نے جمعہ کو کہا کہ ہندستانی بحریہ موجودہ وسائل کے بل بوتے پر ملک کے سمندری مفادات کا دفاع کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے اور ساتھ ہی وہ چین اور پاکستان کی طرف سے کسی بھی دو طرفہ خطرے کا سامنا کرنے کی بھی طاقت رکھتی ہے۔ ایڈمرل کمار نے آج یہاں یوم بحریہ کے موقع پر سالانہ پریس کانفرنس میں کہا کہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے صرف جنگی جہازوں اور آبدوزوں کی تعداد ہی نہیں بلکہ اس کے پیچھے افرادی قوت بھی اتنی ہی اہم ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندستانی بحریہ کے پاس بہترین ہنر مند اور تربیت یافتہ افرادی قوت موجود ہے جو کسی بھی مقابلے میں پیچھے نہیں ہٹے گی۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ہندوستانی بحریہ چینی بحریہ کی ہر سرگرمی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ ہندوستانی بحریہ کسی خاص ملک کی تیاریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی صلاحیت میں اضافہ نہیں کرتی ہے، بلکہ وہ آنے والے حالات اور چیلنجوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی صلاحیت اور طاقت کو بڑھانے کے لیے مرحلہ وار منصوبے پر کام کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اہل وطن کو یقین دلاتے ہیں کہ ہندستانی بحریہ موجودہ وسائل کا زیادہ سے زیادہ اور بہترین استعمال کرتے ہوئے ملک کے بحری مفادات کے تحفظ کے لیے کسی بھی صورت میں سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بحریہ میں جنگی جہازوں اور آبدوزوں کی تعداد کے حوالے سے ایک جامع پلان پر کام کیا جا رہا ہے اور اسی کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعداد 170 ہوسکتی ہے، یہ 200 ہوسکتی ہے یا یہ 230 ہوسکتی ہے، اس لیے وہ فی الحال کسی مقررہ نمبر کے بارے میں بات نہیں کررہے ہیں۔