ہماچل پردیش میں ایک لوک سبھا ، تین اسمبلی سیٹوں پر پولنگ

شملہ، اکتوبر۔ ہماچل پردیش کی منڈی لوک سبھا سیٹ اور رکی، فتح پور اور جبل -کوٹ کھائی اسمبلی سیٹوں پرضمنی انتخابات کے لیے آج ووٹنگ شروع ہو گئی۔ہماچل پردیش کے چیف الیکٹورل آفیسر سی پلراسو نے یہاں بتایا کہ ہفتے کی صبح آٹھ بجے شروع ہونے والی پولنگ پرامن طریقے سے جاری ہے۔ ضمنی انتخابات کے لیے کل 2484 پولنگ اسٹیشن اور 312 معاون پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔ ضمنی الیکشن میں 50 فیصد پولنگ سٹیشن کو ویب کاسٹنگ کے ذریعے منسلک کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات کے لیے کل 2796 پولنگ اسٹیشن میں سے 1383 پولنگ اسٹیشن پر یہ سہولت دستیاب ہوگی۔ 48 کو انتہائی حساس، 267 حساس اور 2481 جنرل کیٹیگری کے پولنگ اسٹیشن قرار دیے گئے۔ریاست میں قبائلی ضلع لاہول اسپتی میں تاشی گنگ مٹھ ، سطح سمندر سے تقریباً 15265 فٹ کی دوری پر، دنیا کا سب سے اونچا پولنگ اسٹیشن ہے جہاں منڈی لوک سبھا میں 47 ووٹر اپنا ووٹ ڈالیں گے۔انہوں نے کہا کہ پولنگ صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک ہوگی۔ اس دوران کووڈ سے متعلق ہدایات کی سختی سے تعمیل ضروری ہے۔ چاروں نشستوں کے لیے انتخابی موسم میں 18 امیدوار میدان میں ہیں۔ ووٹوں کی گنتی 2 نومبر کو ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ریاست کی چاروں سیٹوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں کل 15 لاکھ 50 ہزار 552 ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔ 7 لاکھ 87 ہزار 926 مرد اور 7 لاکھ 62 ہزار 626 خواتین اور 5 تھرڈ جینڈر ووٹر ہیں۔ منڈی پارلیمانی حلقہ میں 12 لاکھ 99 ہزار 756 ووٹر اپنا ووٹ ڈالیں گے۔ ارکی اسمبلی حلقہ سے 92609، فتح پور سے 87222 اور جُبّل کوٹ کھائی سے 70965 رائے دہندگان اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ اہم بات یہ ہے کہ ضمنی الیکشن میں پہلی بار 18 سے 19 سال کی عمر کے 38305 ووٹر ووٹ ڈالیں گے۔

Related Articles