ہمارے گھر کی لڑکیاں یہ نہیں کرتیں
پریانکا کے مس ورلڈ مقابلے میں حصہ لینے پر خاندان کا ردّ عمل
ممبئی،اپریل۔عالمی شہرت یافتہ پریانکا چوپڑا کی والدہ مدھو چوپڑا نے اپنے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ جب پریانکا نے مس ورلڈ مقابلے میں حصہ لیا تو انہیں سسرالیوں کی جانب سے ’ہمارے گھرکی لڑکیاں یہ نہیں کرتیں‘ جیسے کلمات سننے پڑے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مس ورلڈ کا مقابلہ جیتنا بالی ووڈ اور ہالی ووڈ کی اداکارہ پریانکا چوپڑا کے کیریئر کی پہلی سیڑھی تھا۔تاہم مس ورلڈ کے مقابلے میں حصہ لینا ان کا اپنا فیصلہ نہیں تھا، بلکہ ان کی والدہ مدھو چوپڑا نے انہیں اس کے لئے راضی کیا تھا۔مدھو چوپڑا نے اپنے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ مس ورلڈ کے مقابلے میں حصہ لینے کے لیے ایک جانب انہیں پریانکا کو منانا پڑا، اسے اعتماد دینا پڑا کہ وہ یہ کرسکتی ہے تو دوسری جانب اپنا ڈاکٹری کا کیریئر چھوڑنا پڑا اور سسرالی رشتہ داروں کی مخالفت برداشت کرنی پڑی۔انہوں نے بتایا جب پریانکا کو مقابلے میں حصہ لینے کے لئے راضی کرلیا تو پھر اپنے سسرالی رشتہ داروں کو راضی کرنا سب سے مشکل تھا۔ انہوں نے بتایا کہ جب انہیں پتا چلا کہ پریانکا مس ورلڈ میں حصہ لینے والی ہے تو انہوں نے کہا کہ ’ہمارے گھر کی خواتین یہ نہیں کرتیں‘، لیکن بعدازاں اس شرط پر کہ میں ہر جگہ پریانکا کے ساتھ جاؤں گی، انہیں راضی کرلیا۔انہوں نے بتایا کہ وہ فوج میں باحیثیت ڈاکٹر اپنے فرائض انجام دیتی تھیں، لیکن بیٹی کے بہتر مستقبل کی خاطر انہیں اپنی نوکری چھوڑنی پڑی تاکہ وہ پریانکا چوپڑا کے ساتھ جا سکیں اور ان کا خیال رکھ سکیں۔