ہالی ووڈ اسٹار جم کیری کا اداکاری سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
لاس اینجلس،اپریل۔ہالی ووڈ کے معروف کامیڈی اداکار جم کیری نے میرے پاس بہت ہے، کافی کچھ کرلیا کہہ کر ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق جم کیری اپنی آنے والی فلم ’سونک دی ہیج ہاگ 2‘ کے بعد اداکاری کو خیر باد کہنے جارہے ہیں۔جم کیری کی رواں سال جو فلم آرہی ہے وہ ممکنہ طور پر ان کی آخری فلم ہوگی، اداکار کہہ چکے ہیں کہ وہ اس شعبے سے سبکدوش ہورہے ہیں۔انہوں نے 1990ء کی دہائی کے ابتدا میں کامیڈی ٹی وی سیریز ’ان لیونگ کلر‘ سے شہرت پائی تھی، جس کے بعد کچھ کامیڈی فلموں جیسے دی ماسک، دمب اینڈ ڈمبر، جھوٹا جھوٹا، بروس آلمائٹی اور کرسمس کیرول میں فن کے جوہر دکھائے۔حال ہی میں ہالی ووڈ گلوکارہ ڈولی پارٹن کے ہمراہ جم کیری نے شرکت کی، اس دوران گلوکارہ نے کہا کہ وہ اپنی زندگی پر مبنی فلم میں انہیں اداکاری کرتے دیکھنا پسند کریں گی۔اس پر جم کیری نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اچھا، تو میں ریٹائر ہوجاتا ہوں، ہاں بالکل، میں کافی سنجیدہ ہوں، ممکن ہے کہ فرشتے سونے کی سیاہی سے لکھا کوئی اسکرپٹ لائیں اور مجھ سے کہیں کہ لوگوں اسے واقعی دیکھنا چاہتے ہیں، میں اداکارہ سے وقفہ لے رہا ہوں۔ہالی ووڈ اداکار نے مزید کہا کہ میں فلم نگری کی جگمگ سے دور پرسکون زندگی گزارنا چاہتا ہوں، کینوس پر پینٹ مجھے پسند ہے، میں اپنی روحانی زندگی سے محبت کرتا ہوں۔جم کیری کی ریٹائرمنٹ کی خبر ایکشن اسٹار بروس ولس کے اعلان کے چند گھنٹے بعد سامنے آئی ہے، جنہوں نے دماغی بیماری تشخیص ہونے پر اداکاری سے کنارہ کشی اختیار کرلی ہے۔شاندار مزاحیہ اداکاری سے انہوں نے باکس آفس پر کامیابیاں سمیٹیں اور کئی ایوارڈز اپنے نام کیے۔