ہاردک پٹیل جلد ہی ’ کیسریا بانے‘ میں نظرآ سکتے ہیں
احمد آباد ، مئی۔وزیراعظم نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات میں اہم اپوزیشن کانگریس کے ورکنگ صدر اور پاٹیدار ریزرویشن تحریک کے مشہور لیڈر ہاردک پٹیل جلد ہی حکمراں بی جے پی میں شامل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے 18 مئی کو کانگریس کی اعلیٰ اور ریاستی قیادت پر سخت حملہ کرتے ہوئے پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا ۔ بی جے پی ذرائع نے آج بتایا کہ ہاردک کے 2 جون کو پارٹی کے ریاستی ہیڈکوارٹر گاندھی نگر کے نزدیک شریکملم میں باضابطہ طور پر پارٹی میں شامل ہونے کا پورا امکان ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ وہ وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل اور پارٹی کے ریاستی صدر سی آر پاٹل کی موجودگی میں ’ کیسریا بانا‘ پہن سکتے ہیں ۔ واضح رہے کہ 2015 کے پاٹیدار ریزرویشن تحریک کے بعد سرخیوں میں آنے والے 28 سالہ ہاردک نے گزشتہ لوک سبھا انتخابات سے قبل مارچ 2019 میں کانگریس میں باقاعدہ شمولیت اختیار کی تھی اور جولائی 2020 میں انہیں ریاست کی اہم اپوزیشن پارٹی کا ورکنگ صدر بنایا گیا تھا ۔ کانگریس کی صدر محترمہ سونیا گاندھی کو بھیجےاپنے استعفے میں مسٹرپٹیل نے جس قسم کی سخت زبان استعمال کی تھی اور رام مندر اورکشمیر سے دفعہ 370 کی منسوخی جیسے مسائل کی وکالت کی اس سے ان کے جلد ہی حکمراں بی جے پی میں شامل ہونے کی قیاس آرائیاں تیز ہو گئی ہیں ۔