ہاردک نے زعفرانی جوڑا پہنا، خود کو مودی کا سپاہی کہا
احمد آباد، جون۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات میں اہم اپوزیشن کانگریس کے ورکنگ صدر اور پاٹیدار ریزرویشن تحریک کے سرکردہ لیڈر ہاردک پٹیل نے آج حکمراں بی جے پی میں شمولیت اختیار کر لی۔ہاردک نے دوپہر کو پارٹی کے ریاستی ہیڈکوارٹر، دارالحکومت گاندھی نگر کے نزدیک کوبا میں واقع سریکلم میں باضابطہ طور پر پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ وہ 12.39 بجے پارٹی میں شامل ہوئے جسے بی جے پی ‘وجے مہورت کے طور پر مانتی ہے۔ پارٹی کے ریاستی صدر سی آر پاٹل نے ان کے کندھے پر بھگوا لباس رکھ کر انہیں پارٹی میں شامل کیا۔ آج کانگریس کی خاتون لیڈر شویتا برہم بھٹ نے بھی زعفرانی رنگ چڑھایا۔ ہاردک، جو کبھی بی جے پی کے سخت مخالف تھے، نے آج پارٹی اور وزیر اعظم مودی کی شان میں نعت پڑھی۔ انہوں نے کانگریس پارٹی پر بھی سخت حملہ کیا۔ بی جے پی میں شامل ہونے سے پہلے انہوں نے کوبا سے سریکلم تک روڈ شو بھی کیا۔بعد میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے اقتصادی طور پر کمزور طبقے (ای ڈبلیو ایس) کو 10 فیصد ریزرویشن فراہم کرنے کے لیے مسٹر مودی کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاٹیدار ریزرویشن تحریک میں شہید ہونے والے نوجوانوں کے اہل خانہ کی مدد کریں گے۔