گلوکار ایلوس پریسلی کے 40 سال سے صحرا میں لاوارث کھڑے جہاز کو ٹھیک کرکے سڑکوں پر دوڑانے کا فیصلہ

نیویارک،مارچ۔ امریکہ کے معروف گلوکار ایلوس پریسلے کا پرائیویٹ ہوائی جہاز 40سال تک نیو میکسیکو کے صحرا میں لاوارث کھڑے رہنے کے بعد بالآخر دوبارہ آپریشنل ہونے جا رہا ہے تاہم اب کی بار یہ ہوا میں اڑنے کی بجائے سڑکوں پر دوڑتا نظر آئے گا۔ میل آن لائن کے مطابق آنجہانی ایلوس پریسلے کا یہ 1962ءمیں تیار ہونے والا لاک ہیڈ 1329جیٹ سٹار جیمز ویب نامی یوٹیوبر نے 2لاکھ 60ہزار ڈالر میں خرید لیا ہے اور اسے بطور گاڑی سڑکوں پر سفر کرنے کے قابل بنانے کا تہیہ کر لیا ہے۔جیمز ویب کا ’جمیز ورلڈ‘( World Jimmy’s)کے نام سے یوٹیوب چینل ہے، جس پر اس نے اس جہاز کی ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے اوراس میں تمام تفصیل بیان کی ہے۔ جیمز ویب بتاتا ہے کہ وہ اس جہاز کو خرید کر فلوریڈا لے آیا ہے اور اب اس کو دوبارہ تیار کرنے کا کام جلد شروع کیا جائے گا۔جیمز ویب کا کہنا ہے کہ جہاز کو تیار کرنے کے بعد وہ اس پر پورے ملک کا چکر لگائے گا اور فلاحی تنظیموں کے لیے اس کے ذریعے چندہ جمع کرے گا۔ جیمز ویب بتاتا ہے کہ ’’یہ جہاز میری زندگی کی سب سے مہنگی چیز ہے جو میں نے خریدی ہے۔ یہ جہاز میرے گھر سے بھی مہنگا ہے۔ ‘‘ رپورٹ کے مطابق ایلوس پریسلے نے یہ جہاز دسمبر 1976ء میں 8لاکھ 40ہزار ڈالر میں اپنی موت سے چند ماہ قبل خریدا تھا۔ اگست 1977ء میں وہ محض 42سال کی عمر میں دنیا سے رخصت ہو گئے تھے۔

Related Articles