کیلیفورنیا کی ’گون گرل‘: امریکی خاتون شیری پاپینی جس نے اپنے جعلی اغوا کا اعتراف کیاکیلیفورنیا کی ’گون گرل‘: امریکی خاتون شیری پاپینی جس نے اپنے جعلی اغوا کا اعتراف کیا

کیلیفورنیا،اپریل۔امریکی ریاست کیلیفورنیا کی ایک خاتون نے اقبال جرم کیا ہے کہ انھوں نے 2016 میں اپنے اغوا کا ڈرامہ رچایا اور حکام سے جھوٹ بولا تھا۔انتالیس برس کی شیری پاپینی اپنے گھر کے قریب دوڑتے ہوئے اچانک غائب ہوئیں اور تین ہفتے بعد خود ہی ظاہر ہو گئی تھیں۔اس وقت انھوں نے دعوٰی کیا تھا کہ انھیں دو ہسپانوی نڑاد افراد نے اغوا کیا تھا، جس پر پولیس نے بڑے پیمانے پر ملزموں کی تلاش شروع کر دی تھی۔بعد میں امریکہ کا وفاقی تحقیقاتی ادارہ ایف بی آئی اس نتیجے پر پہنچا کہ وہ دراصل اپنے سابق بوائے فرینڈ کے گھر پر تھیں اور خود کو زخمی بھی کیا تھا۔اس جرم کی وجہ سے پاپینی کو ’کیلیفورنیا کی گون گرل (غائب لڑکی)‘ کے نام سے شہرت ملی۔ دراصل یہ ایک مشہور ناول اور فلم کا نام ہے جس کی کہانی ایسے ہی ایک فریب پر مبنی ہے۔یہ اب تک واضح نہیں ہے کہ پاپینی نے اپنے اغوا کا ڈرامہ کیوں رچایا۔ انھوں نے خود بھی اس کی وضاحت نہیں کی ہے۔ پیر کے روز انھوں نے جج کو بتایا کہ وہ ’بہت افسردہ تھیں۔‘اپنے جرم کا اقرار کرنے کے نتیجے میں اب انھیں آٹھ سے 14 ماہ تک قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے، جو 25 برس قید کی اس سزا سے کہیں کم ہے جو وفاقی تفتیشی افسروں سے جھوٹ بولنے کے نتیجے میں دی جاتی ہے۔اس کے علاوہ انھیں تین لاکھ ڈالر جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔یہ قضیہ اس وقت شروع ہوا جب نومبر 2016 میں پاپینی کے شوہر نے پولیس کو اطلاع دی کہ وہ بچوں کو ڈے کیئر سینٹر لینے نہیں پہنچیں جس کے بعد بڑے پیمانے میں ان کی تلاش شروع کر دی گئی تھی۔تین ہفتے بعد وہ ایک سڑک کے کنارے اس حالت میں ملی تھیں کہ ان کے جسم پر چوٹ کے نشان تھے، جسم رسی میں جکڑا ہوا تھا اور کلائیاں بندھی ہوئی تھیں۔ایف بی آئی نے ان کے اغواکاروں کو ڈھونڈنے کے لیے بڑی تگ و دو کی اور اس سال مارچ میں اعلان کیا کہ دراصل اغوا کا ڈرامہ رچایا گیا تھا۔ایف بی آئی نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ انھوں نے جعلی اغوا کا وقت اپنے سابق بوائے فرینڈ کے گھر پر گزارا تھا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاپینی نے اپنے دعوے کو مضبوط بنانے کی غرض سے خود کو زخمی کیا تھا، جس میں ان کے سابق بوائے فرینڈ نے بھی ان کی مدد کی تھی۔اگرچہ پاپینی نے اپنے جرائم کے محرک کے بارے میں کچھ نہیں بتایا، تاہم ایف بی آئی نے جب ان کے دیرینہ جاننے والوں کے بیانات لیے تو انھوں نے حکام کو بتایا کہ توجہ حاصل کرنے کے لیے وہ ’ماضی میں جھوٹ کا سہارا‘ لیتی رہی ہیں۔ان کے وکیل نے پہلے کہا تھا کہ وہ ذہنی صحت کے مسائل کا شکار ہیں۔پیر کے روز پاپینی نے بتایا کہ اس واقعے کے بعد سے وہ افسردگی، گھبراہٹ اور سانحے کے بعد پیدا ہونے والے دباؤ کا علاج کروا رہی ہیں۔ان کا علاج سرکاری خرچے پر ہو رہا تھا جو اب انھیں واپس کرنا ہوگا۔ انھیں 11 جولائی کو سزا سنائی جائے گی۔

Related Articles