کیریئر میں پہلی بار مرد اداکار جتنا معاوضہ ملا، پریانکا چوپڑا
ممبئی،مارچ۔شادی کے بعد بھارت چھوڑ کر امریکا منتقل ہوجانے والی بولی وڈ و ہولی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے انکشاف کیا ہے کہ شوبز کیریئر میں انہیں پہلی بار ساتھی مرد اداکار جتنا معاوضہ دیا گیا۔پریانکا چوپڑا نے سال 2000 میں مس ورلڈ کا اعزاز جیتنے کے بعد فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا اور انہوں نے ابتدائی طور پر تامل اور تیلگو زبان کی فلموں میں 2002 میں کام کیا، تاہم ان کی پہلی بولی وڈ فلم ’ہیرو‘ 2003 میں ریلیز ہوئی، جس کے بعد انہیں اکشے کمار کے ساتھ ’انداز‘ میں کاسٹ کیا، جس سے انہیں شہرت ملی۔پریانکا چوپڑا نے بولی وڈ کیریئر میں شاندار کردار ادا کیے، جس وجہ سے انہیں متعدد ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔پریانکا چوپڑا نے 2018 میں خود سے 11 سال کم عمر امریکی گلوکار نک جونس سے شادی کی، جس کے بعد وہ امریکا منتقل ہوگئیں اور گزشتہ برس ان کے ہاں آئی وی ایف کے ذریعے پہلی بچی کی پیدائش بھی ہوئی تھی۔امریکا منتقل ہونے کے بعد ان کی عالمی شہرت میں اضافہ دیکھا گیا اور انہیں متعدد امریکی اشتہارات، میگزینز اور ویڈیوز میں دیکھا گیا جب کہ جلد ہی انہیں جاسوس ویب سیریز ’سیٹاڈل‘ میں بھی ایکشن میں دیکھا جائے گا۔’سیٹا ڈل‘ کا ٹریلر چند دن قبل ہی ریلیز کیا گیا تھا، جس میں پریانکا چوپڑا ایک جاسوس کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی اور ان کے ساتھ رچرڈ میڈن مرکزی کردار میں دکھائی دیں گے۔اسی ویب سیریز پر بات کرتے ہوئے پریانکا چوپڑا نے ساؤتھ بائے ساؤتھ ویبسٹ فلم فیسٹیول (ایس ایکس ایس ڈبلیو) کے ایک سیشن میں بات کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیاکہ مذکورہ سیریز میں کام میں انہیں مرد اداکار جتنا ہی معاوضہ دیا جا رہا ہے۔اسی حوالے سے ’ہندوستان ٹائمز‘ نے بتایا کہ پریانکا چوپڑا کا کہنا تھا کہ انہیں افسوس ہوتا ہے کہ جتنی محنت سے وہ کام کرتی رہی ہیں، اتنی ہی محنت مرد اداکار ہی کرتے تھے لیکن انہیں ان سے زیادہ پیسے ملتے تھے۔اداکارہ کا کہنا تھاکہ انہیں شوبز میں کام کرتے ہوئے 22 سال ہو چکے ہیں اور انہوں نے اسی عرصے کے دوران 70 فلمیں اور دو ٹی وی شوز کرنے سمیت دیگر منصوبوں میں کام کیا ہے۔پریانکا چوپڑا نے اعتراف کیا کہ گزشتہ 22 سال کے دوران انہیں کسی بھی منصوبے میں ان کے ساتھی مرد اداکار جتنا معاوضہ نہیں ملا لیکن اب پہلی بار انہیں برابر معاوضہ دیا گیا۔اداکارہ نے بتایا کہ ’سیٹاڈل‘ وہ پہلا منصوبہ ہے جس میں کام کرنے کے انہیں اتنے ہی پیسے ملے، جتنے کہ ان کے ساتھی مرد اداکار کو ملے۔پریانکا چوپڑا کے مطابق مذکورہ ویب سیریز میں کام کے لیے رچرڈ میڈن اور انہیں ایک جتنا ہی معاوضہ دیا گیا اور انہیں یکساں پیسے دینے کا فیصلہ ویب سیریز کو پروڈیوس کرنے والی کمپنی میں اعلیٰ عہدوں پر بیٹھیں بعض خواتین نے ہی کیا۔انہوں نے مختلف اداروں کے اعلیٰ عہدوں پر خواتین کی تقرری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جب فیصلہ کن عہدوں پر خواتین بیٹھی ہوں گی، تب ہی وہ دوسری خواتین کا احساس کریں گی اور انہیں بھی اتنا ہی معاوضہ دیا جائے گا، جتنا کہ دوسروں کو دیا جاتا ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پریانکا چوپڑا نے بولی وڈ کیریئر میں اکشے کمار، سلمان خان، شاہ رخ اور عرفان خان سمیت دیگر بڑے اداکاروں کے ساتھ بھی کام کیا جب کہ انہیں بھارت میں انتہائی اہمیت بھی حاصل رہی، تاہم اس باوجود انہیں کبھی ساتھی مرد اداکار جتنا معاوضہ نہیں ملا۔نہ صرف پریانکا چوپڑا بلکہ بولی وڈ کی دیگر بڑی اداکارائیں بھی خود کو ساتھی مرد اداکاروں سے کم ملنے والے معاوضے پر بات کرتی دکھائی دیتی ہیں جب کہ ہولی وڈ اداکارائیں بھی ایسی تفریق پر آواز اٹھاتی رہتی ہیں۔خیال کیا جاتا ہے کہ دنیا کی تمام شوبز انڈسٹریز سمیت دیگر انڈسٹریز میں بھی خواتین کو ساتھی مرد اداکاروں سے کم معاوضہ دیا جاتا ہے۔