کیجریوال نے گنیش چترتھی کی نیک خواہشات پیش کی
نئی دہلی,ستمبر, دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے جمعہ کو ملک کے لوگوں کو گنیش چترتھی کی نیک خواہشات پیش کیں۔مسٹر کیجریوال نے آج ٹویٹ کرکے اس مبارک تہوار کی نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے لوگوں کی زندگیوں میں خوشی، خوشحالی اور خوشیوں کے لئے دعا کی۔ انہوں نے کہا ، "تمام اہل وطن کو شری گنیش چترتھی کی دلی مبارکباد، بھگوان گنپتی آپ تمام لوگوں کی زندگی میں خوشی، خوشحالی اور خوشیوں کوقائم رکھیں۔ریاست کے لوگوں سے یہ تہوار اپنے گھروں میں منانے کی درخواست کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے اس بار پنڈال لگانے کی اجازت نہیں ہے۔ دہلی حکومت کی جانب سے آج شام 7 بجے شری گنیش جی کی آرتی کا اہتمام کیا گیا ہے، جس میں وہ اپنے تمام کابینہ کے ساتھیوں کے ساتھ شامل ہوں گے۔ اس پروگرام میں معروف گلوکار شنکر مہادیون اور سریش واڈکر شرکت کریں گے اور اس کو براہ راست نشرکیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے لوگوں سے اپنے گھروں پررہ کر اس پروگرام میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شامل ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بچوں کو اس تہوار کی مذہبی اور تاریخی اہمیت کے بارے میں ضرور بتائیں۔اس تہوار کو روحانی اور حب الوطنی کی مثال قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انگریزی حکومت کے دوران عوامی طورپر کوئی مذہبی ثقافتی پروگرام کرنے کی اجازت نہیں تھی۔ تب لوگ اپنے اپنے گھروں میں رہ کر عبادت کرتے تھے۔ بال گنگا دھر تلک نے پہلی بار پونے میں عوامی طور پر گنیش اتسو کا اہتمام کیا تھا، جو بعد میں انگریزوں کے خلاف ہندوستان کے لوگوں کو متحد کرنے میں اہم ثابت ہوا۔