کیا کیجریوال پنجاب کے اصل وزیر اعلیٰ ہیں: جاکھڑ

چندی گڑھ، نومبر۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈر سنیل جاکھڑ نے ہماچل پردیش میں انتخابی مہم کے دوران دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی تصویر ٹویٹ کرتے ہوئے سوال کیا کہ ان کے ساتھ پنجاب کے وزیر اعلیٰ کی حفاظت پر مامور سیکورٹی اہلکار کیا کررہے ہیں؟اسے ماڈل ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے انہوں نے الیکشن کمیشن سے اس سلسلے میں ضروری کارروائی کرنے کی بھی اپیل کی۔ مسٹر جاکھڑ نے آج یہاں سوال کیا کہ کیا مسٹر کیجریوال پنجاب کے ‘سپر سی ایم’ ہیں جو انہیں وزیر اعلیٰ پنجاب کے سیکورٹی اہلکار فراہم کیے گئے ہیں اور وہ بھی اس وقت جب وہ ریاست میں انتخابی ضابطہ اخلاق کے تحت انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف پنجاب کے سرکاری خزانے کے ساتھ ناانصافی ہے جو پنجاب کے سیکورٹی اہلکار دہلی کے وزیر اعلیٰ کی حفاظت میں لگے ہوئے ہیں بلکہ یہ ہماچل پردیش میں نافذ ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ کی بھی خلاف ورزی ہے۔مسٹر جاکھڑ نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے اس معاملے پر اپنی پوزیشن واضح کرنے کے لیے کہا ، کیا یہ وہی جماعت ہے جس نے سیاسی جماعتوں کے لیڈروں کو فراہم کی جانے والی سیکورٹی کو مسئلہ بنایا تھا۔ کوئی ایک پہلو ایسا نہیں ہے جس کی بنیاد پر عام آدمی پارٹی کے لیڈروں کا دوہرا کردار بے نقاب نہ ہو رہا ہو۔

Related Articles