کھرگون حادثے میں مرنے والوں کی تعداد ہوئی 22 ، 30 زخمی

کھرگون، مئی۔ مدھیہ پردیش کے کھرگون ضلع میں آج صبح ایک مسافر بس کے پلیا سے نیچے گرنے کے حادثے میں اب تک 22 لوگوں کی موت ہونے کی اطلاع ہے۔اُن تھانہ علاقے میں پیش آئے اس حادثے میں تین بچوں کی بھی موت ہو ئی ہے اور تقریباً 30 افراد زخمی ہیں۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اس حادثے میں اب تک 22 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ 30 کے قریب افراد زخمی ہیں جن کا مختلف اسپتالوں میں علاج جاری ہے۔اس سے قبل کھرگون کے سب ڈویژنل پولیس راکیش موہن شکلا نے بتایا کہ اندور جانے والی بس صبح تقریباً 9.15 بجے ضلع ہیڈکوارٹر سے تقریباً 34 کلومیٹر دور ڈونگرگاؤں کے نزدیک بوراڈ ندی کی پلیا کی ریلنگ توڑ کر نیچے گر گئی۔ دریا میں پانی نہیں تھا۔ انہوں نے بتایا کہ فی الحال بس ڈرائیور کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اسے نیند کا جھپکی آگئی تھی۔گاؤں والوں نے پولیس کے پہنچنے سے پہلے ہی اپنے وسائل سے پلٹی ہوئی بس کو سیدھا کیا اور کئی زخمی مسافروں کو بچا لیا۔ انہوں نے بتایا کہ شہریوں نے انہیں اپنی گاڑیوں سے اسپتال پہنچایا۔ضلع کلکٹر شیوراج سنگھ ورما اور پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈی ایس یادو اور دیگر اہلکار موقع پر پہنچ گئے ہیں۔

Related Articles