کپل نے اہلیہ گنی سے محبت کا اظہار کیسے کیا تھا؟
ممبئی،جنوری۔بھارت کے معروف کامیڈین کپل شرما نے اپنی اہلیہ گنی چترتھ سے محبت کے اظہار سے متعلق تفصیلات مداحوں کے ساتھ شیئر کی ہیں۔امریکی آن لائن اسٹریمنگ کمپنی نیٹ فلکس انڈیا کی جانب سے کپل شرما کے 28 جنوری کو ریلیز ہونے والے شو ‘I am not done yet’ کا پرومو جاری کیا گیا ہے جس میں کپل اپنی اہلیہ کے سامنے ان سے کیے گئے محبت کے اظہار کے بارے میں بتارہے ہیں۔کامیڈین نے بتایا کہ شادی سے قبل میں اور گنی ایک ساتھ تھیٹر کیا کرتے تھے اور یہ تمام اداکاراؤں میں سے میری پسندیدہ تھیں، اسی وجہ سے میں دن بھر کی روداد سنانے کے لیے اس کی ڈیوٹی لگادیا کرتا تھا، یہ مجھے فون پر ساری تفصیلات بتاتی تھیں۔کپل شرما نے بتایا کہ ایک دن گنی نے مجھے فون کیا تو میں نے شراب پی رکھی تھی، میں نے فون اٹھاتے ہی پوچھا کیا تم مجھ سے محبت کرتی ہو، گنی یہ سن کر کانپ گئی کہ اس بندے میں اچانک اتنی ہمت کیسے آگئی۔کپل نے گنی کی طرف متوجہ ہوتے ہوئے کہا کہ یہ اس سے قبل میرے شو پر کبھی نہیں آئیں، اس لیے میں ان سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ آپ بہت اچھے گھر سے تعلق رکھتی ہیں، آپ کے مالی حالات بھی کافی اچھے تھے تو اسکوٹر والے لڑکے سے آپ نے کیا سوچ کر پیار کیا تھا؟جواب میں گنی نے کپل کی حسِ مزاح والا انداز اپنایا اور کہا کہ میں نے سوچا پیسے والے سے تو سب پیار کرتے ہیں، میں اس غریب کا بھلا ہی کردوں، ساتھ ہی گنی سمیت پروگرام کے حاضرین قہقہہ لگا کر ہنس پڑے۔واضح رہے کہ کپل شرما نے 2018 میں ’گنی چترتھ‘ سے شادی کی اور دونوں کی ایک بیٹی اور ایک بیٹا ہے۔