کورونا مثبت کیسز، حکومت پبلک ٹرانسپورٹ میں فیس ماسک پہننے کو لازمی قرار دے، صادق خان
لندن ،اکتوبر۔ میئر لندن صادق خان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پبلک ٹرانسپورٹ میں فیس ماسک پہننے کو لازمی قرار دے کیونکہ برطانیہ میں ایک ہفتے سے زائد عرصے کے دوران کورونا وائرس کوویڈ 19 سے متاثر مثبت کیسز کی یومیہ تعداد اوسطاً 40,000 سے زائد ہے۔ حکومت نے نام نہاد پلان بی کو دوبارہ شروع کر دیا ہے، جس کے مطابق ان ڈورز میں فیس ماسک لازمی پہننے کو دوبارہ متعارف کروا جا رہا ہے، اس کے ساتھ نئی گائیڈنس میں ورک فرام ہوم اور کوویڈ پاسپورٹس کا استعمال بھی شامل ہوگا۔ میئر لندن مسٹر خان نے لندن کے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اس موسم سرما میں خود کو کورونا وائرس کوویڈ 19 سے بچائو اور فلو سے محفوظ رہنے کیلئے این ایچ ایس سے ویکسی نیشن کروائیں۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ یہ مہلک وائرس ابھی ختم نہیں ہوا ہے اور اس موسم سرما میں کورونا وائرس اور فلو دونوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ میئر لندن نے کہا کہ ان حالات میں سب سے خراب چیز جو ہم اپنے لئے کر سکتے ہیں، وہ یہ کہ اپنے حفاظتی اقدامات کو کم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ان دونوں بیماریوں سے خود کو محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل کرنا چاہئے اور کسی قسم کی غفلت اور لاپروائی کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ان مہلک وائرسز سے درپیش خطرات کو کمتر سمجھنا ہم سب کیلئے پریشان کن اور مشکلات کا سبب ہوگا۔ میئر لندن نے کہا کہ اس لئے میں لندن کے تمام اہل افراد سے مطالبہ کرتا ہوں کہ جب ان کو آفر کی جائے تو وہ جلد از جلد کوویڈ بوسٹر خوراک اور فلو ویکسین لگوائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ عوام چہروں کو ماسک پہننے کا سلسلہ جاری رکھیں تاکہ خود اور دوسروں کو بھی پریشانی سے محفوظ رکھ سکیں۔ انہوں نے حکومت پر بھی زور دیا کہ وہ اس سلسلے میں سادہ اور موثر اقدامات کا نفاذ کرے جیسا کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں فیس کورنگ لازمی قرار دی جائے تاکہ کورونا وائرس کو پھیلائو سے روکا جا سکے۔ میئر لندن کے یہ کمنٹس ایسے وقت سامنے آئے جب سرکردہ سائنس دان نے یہ تجویز کیا کہ اگر ڈیٹا میں کورونا کیسز میں کمی ظاہر ہو رہی ہے تو پھر پلان بی کے تحت اقدامات کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ سائنٹیفک ایڈوائزری گروپ آف ایمرجنسیز (ایس اے جی ای) کے رکن اور امپیریل کالج لندن سے منسلک پروفیسر نیل فرگوسن نے ایک پریس بریفنگ میں بتایا ہے کہ کورونا کیسز کی تعداد میں کوئی واضح اضافہ نہیں ہوا ہے لیکن ہسپتالوں میں مریضوں کے داخلے میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ حکومت نے جمعرات کو اعلان کیا کہ انٹرنیشنل ٹریول کیلئے انگلینڈ کی ریڈ لسٹ میں شامل باقی تمام ملکوں کو بھی ریموو کر دیا جائے گا۔ سیکرٹری فار ٹرانسپورٹ گرانٹ شیپس کا کہنا ہے کہ وائٹ ہال 30 سے زیادہ نئے ملکوں اور خطوں سے آنے والوں کے لئے بھی کورونا وائرس ویکسین کو تسلیم کرے گا۔ ویلز کا کہنا ہے کہ وہ بھی اسی مشاوررت پر عمل کرے گا۔