کوئن کی ریلیز کو آٹھ برس مکمل، اس فلم نے میری زندگی تبدیل کردی، کنگنا رنائوٹ
ممبئی،مارچ۔بالی ووڈ کی متنازع بیانات دینے کے حوالے سے مشہور اداکارہ کنگنا رناوٹ کی فلمی کیریئر میں سنگ میل کی حیثیت کی حامل فلم کوئن کی ریلیز کو 8 برس مکمل ہوگئے۔2014 میں بننے والی اور سنیما پر نمائش کے لیے پیش ہونے والی اس فلم کی ڈائریکشن وکاس بھل نے دی جبکہ یہ انوراگ کشیاپ، وکرم ادیتیا موٹوانے اور مادھو منتینا کی پروڈیوس کردہ تھی۔ کنگنا کا اس فلم کے حوالے سے کہنا ہے کہ اس نے ہمیشہ کے لیے میری زندگی تبدیل کردی۔انھوں نے فلم کے آٹھ برس مکمل ہونے پر بھارت کے کپتانوں ویرات کوہلی اور مہندر سنگھ دھونی کے ساتھ محو رقص اپنی ایک تصویر شیئر کی ہے۔یہ فلم جس نے کنگنا کو حقیقتاً شناخت دی، اس میں انھوں نے رانی نامی ایک ایسی لڑکی کا کردار ادا کیا تھا، جس کی شادی ٹوٹ جاتی ہے اور وہ خود ہی اپنی ہنی مون پر نکلنے کا فیصلہ کرتی ہے اور یہ خود کو دریافت کرنے والی ٹرپ اسے گھر واپسی پر ایک نئی رانی میں تبدیل کردیتی ہے۔