کنویں میں گرنے والے ہاتھی کو جے سی بی کی مدد سے باہر نکالا گیا

پتھل گاوں، جنوری ۔ چھتیس گڑھ کے جش پور فاریسٹ ڈیویژن کے پتھل گاوں فاریسٹ رینج کے کٹانگجور گاؤں میں گرنے والے ہاتھی کو جے سی بی کی مدد سے بحفاظت بچا لیا گیا اور بعد میں اسے جنگل میں چھوڑ دیا گیا۔ حالانکہ اس ہاتھی کو کنویں سے باہر نکالنے کے لیے جنگلات کے عملے اور گاؤں والوں کو کافی مشقت کرنی پڑی اور 8 گھنٹے بعد ہاتھی کے بحفاظت جنگل میں جانے سے سب نے راحت کی سانس لی ہے۔ ڈویژنل فاریسٹ آفیسر جتیندر اپادھیائے نے بتایا کہ پتھل گاوں کے کٹانگجور گاؤں کے پاس کل دیر رات 12 ہاتھیوں کا ایک جھنڈ گھوم رہا تھا۔ سخت سردی کے دوران ہاتھیوں کے ایک بڑے جھنڈ کے گاؤں میں پہنچنے کی خبرملتے ہی گاؤں میں افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا۔ ان ہاتھیوں کو جنگل کی طرف پہنچانے کی کوشش کے دوران اچانک ایک ہاتھی کسان کے کنویں میں گرگیا۔ اس ہاتھی کی آواز سن کر ہاتھیوں کا سارا جھنڈ کنویں کے پاس جمع ہو گیا اور کنویں میں گرے ہاتھی کو باہر نکالنے کی کوشش کی۔ رات گئے اس ہاتھی کے کنویں میں گرنے کے بعد محکمہ جنگلات کا عملہ بھی فورا موقع پر پہنچ گیا اور مدد کے لیے اقدامات شروع کیے۔ بالآخر آج صبح کنویں میں گرے اس ہاتھی کو جے سی بی کی مدد سے باہر نکال لیا گیا۔ کنویں سے باہر آکر اس ہاتھی نے گاوں کے ایک شخص پر حملہ کیا جس سے وہ زخمی ہوگیا ۔

Related Articles