کندھے کی چوٹ کے باعث شدید ذہنی تناؤ کا شکار رہا، شاہ رخ
ممبئی ،دسمبر۔بولی وڈ اداکار شاہ رخ خان نے اپنے تلخ ماضی پر خاموشی توڑ دی۔میڈیا کے مطابق بولی وڈ اداکار شاہ رخ خان نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ کس طرح کندھے کی چوٹ ان کے لیے ذہنی تناؤ کا سبب بنی اور وہ ڈپریشن کا شکار ہوئے۔شاہ رخ خان نے بتایا کہ کندھے پر چوٹ لگنے کی وجہ سے میری صحت پر منفی اثرات مرتب ہوئے جس کے باعث میں شدید ذہنی تناؤ کا شکار رہا تاہم اب اس کیفیت میں مبتلا نہیں ہوں۔واضح رہے کہ حال ہی میں شاہ رخ خان اپنے بیٹے آریان خان کی منشیات کیس میں گرفتاری اور ضمانت کے بعد پہلی بار منظر عام پر آنے کی وجہ سے خبروں کی زینت بنے رہے تھے۔کروز شپ منشیات کیس میں گرفتار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو کچھ روز قبل ہی ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔گزشتہ دنوں ممبئی ہائی کورٹ نے شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کے حق میں فیصلہ جاری کرتے ہوئے انہیں ہر ہفتے حاضری سے استثنیٰ دے دیا تھا۔میڈیا کے مطابق ان دنوں شاہ رخ خان جاسوسی پر مبنی فلم ’پٹھان‘ کی تیاریوں میں مصروف ہیں جس کی ریلیز 2022 میں متوقع ہے۔