کم ترین کیٹیگری میں لیا جاتا تو بھی قلندرز کیساتھ کھیلتا، راشد خان کا الوداعی پیغام

لاہور،فروری۔پاکستان سپر لیگ 7 میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے افغان کرکٹر راشد خان نے اسلام آباد کے خلاف اپنے آخری میچ کے بعد الوداعی پیغام دیا۔میچ کے اختتام کے بعد ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے کھلاڑیوں کی ٹورنامنٹ کی اب تک کی کارکردگی کو سراہا گیا، اس موقع پرلاہور قلندرز کے چیف آپریٹنگ آفیسر ثمین رانا نے راشد خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔راشد خان نے کہا کہ مجھے بے صبری سے انتظار ہے کہ ہمارا نیا کپتان شاہین شاہ آفریدی پی ایس ایل کی ٹرافی اٹھائے، میں آپ سب کو بنگلادیش سے ضرور دیکھوں گا۔اس موقع پر پلاٹینم کیٹیگری میں منتخب ہونے والے افغان اسپنر نے کہا کہ میرے لیے ڈرافٹ میں کیٹیگری اہمیت نہیں رکھتی، اگر مجھے کم ترین کیٹیگری میں بھی منتخب کیا جاتا تب بھی میں لاہور قلندرز کے ساتھ کھیلتا۔اس کے علاوہ راشد خان نے ٹوئٹر پر رواں سیزن کی کچھ جھلکیاں شیئر کیں اور کہا کہ مجھے درست الفاظ تو سمجھ نہیں آرہے لیکن میں لاہور قلندرز کی ٹیم، مینجمنٹ، پی ایس ایل اور شاہین شاہ آفریدی کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا۔انہوں نے مزید لکھا کہ میرے لیے یہ بہترین تجربہ ثابت ہوا، یہاں کا ماحول بہت اچھا تھا، پی ایس ایل ادھورا چھوڑ کر جانا اچھا نہیں لگ رہا لیکن قومی فریضے کے باعث مجھے جانا پڑے گا۔تاہم آخری میچ کے بعد شاہین آفریدی نے بھی راشد کے لیے پیغام شیئر کیا اور انہیں سپر اسٹار قرار دیتے ہوئے کہا کہ راشد ہم آپ کو بلاشبہ بے حد یاد کریں گے۔واضح رہے کہ راشد خان افغانستان بمقابلہ بنگلادیش کی ایک روزہ میچز کی سیریز کے لیے روانہ ہوئے ہیں جو کہ 23 فروری سے شروع ہورہی ہے۔

 

Related Articles