کمال راشد خان نے سلمان خان سے معذرت کیوں کی؟

ممبئی،نومبر۔سابق بھارتی اداکار و پروڈیوسر، مصنف اور خود ساختہ نقاد کمال راشد خان نے بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کی جانب دوستی کا ہاتھ بڑھادیا۔ واضح رہے کہ کمال راشد خان کی ممبئی میں حالیہ مختصر گرفتاری کے بعد دونوں کے درمیان قانونی جنگ شروع ہوئی تھی۔تاہم اب کے آر کے (کمال راشد خان) کا کہنا ہے کہ ان کی گرفتاری کے پیچھے سلمان خان نہیں تھے، اس حوالے سے میرا خیال غلط تھا، بلکہ پیچھے سے کوئی اور کھیل گیا۔ اتوار کو اپنے ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ میں سلمان خان سے معذرت خواہ ہوں اور اگر انہیں میری وجہ سے کسی بھی طرح کی تکلیف پہنچی ہو تو میں اس کے لیے معافی مانگتا ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ میں نے رضا کارانہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ ان کی فلموں کا تجزیہ بھی نہیں کروں گا۔ کمال راشد خان کا مزید کہنا تھا کہ کافی لوگ سمجھتے ہیں کہ ان کی گرفتاری میں کرن جوہر کا ہاتھ تھا لیکن میں ایک بار پھر کہوں گا کہ ان کا بھی اس سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

Related Articles