کسی مسلمان سے شادی نہ کرنے کا اعلان کرنے والی بھارتی بے باک اداکارہ عرفی جاوید بھی حجاب کے حق میں بول پڑیں
ممبئی،فروری۔طالبان کے لیے بددعائیں کرنے اور کسی مسلمان سے شادی نہ کرنے کا اعلان کرنے والی بھارتی اداکارہ عرفی جاوید بھی حجاب کے حق میں بول پڑیں۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق عرفی جاوید اگرچہ نیم عریاں لباس پہننے کے سبب اکثر سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کی زد میں رہتی ہیں تاہم بھارت میں جاری حجاب کے تنازعے پر ان کا کہنا ہے کہ لباس کا انتخاب ہر خاتون کا بنیادی حق ہے۔ کوئی بھی خاتون جو پہننا چاہے اسے اس کی آزادی ہے۔رپورٹ کے مطابق عرفی جاوید کا کہنا تھا کہ ’’اتنے سالوں کی لڑائی اس لیے نہیں تھی کہ ہم حجاب نہ پہنیں، اتنے سالوں کی لڑائی اس لیے تھی کہ خواتین جو چاہیں پہن سکیں۔ اگر کوئی لڑکی سکول میں حجاب پہنتی ہے تو یہ کوئی بڑی بات نہیں۔اگر آپ پارلیمنٹ میں یا دیگر ہر جگہ پر جو چاہو پہن سکتی ہو تو سکول و کالجز میں حجاب پہننا اتنی بڑی بات کیسے ہو گئی کہ اس پر ہنگامہ برپا ہے۔‘‘ واضح رہے کہ عرفی جاوید بھارتی رئیلٹی شو بگ باس سے سب سے پہلے باہر نکالی گئی تھیں۔ انہوں نے دو ماہ قبل اعلان کیا تھا کہ وہ کبھی کسی مسلمان سے شادی نہیں کریں گی ، کیونکہ وہ جب بھی سوشل میڈیا پر کوئی نیم عریاں تصویر پوسٹ کرتی ہیں تو مسلمان مرد انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔ انہوں نے اپنے ایک انٹرویو میں یہ بھی کہا تھا کہ وہ ہندؤں کی مذہبی کتاب ’گیتا‘ میں دلچسپی رکھتی ہیں اور ان دنوں اس کا مطالعہ کر رہی ہیں۔ ٹائمز آف انڈیا کو دیئے گئے اپنے اس انٹرویو میں عرفی جاوید نے کہا تھا کہ ’’میں اسلام پر یقین نہیں رکھتی اور نہ ہی میں کسی دوسرے مذہب کی پیروی کرتی ہوں۔‘‘