کرنال واروکشائر کے لیے کاؤنٹی کرکٹ کھیلیں گے
ممبئی، جولائی ۔ لیفٹ آرم اسپن گیند کرنے والے آل راؤنڈر کرنال پانڈیا پہلی بار کاؤنٹی کرکٹ کھیلتے نظر آئیں گے۔ انہوں نے رائل لندن کپ کے لیے واروکشائر کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ 31 سالہ کھلاڑی اس ماہ انگلینڈ کے خلاف ون ڈے یا ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ہندوستانی اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔ کرنال 2 اگست سے شروع ہونے والے ون ڈے ٹورنامنٹ میں واشنگٹن سندر (لنکا شائر) اور چیتشور پجارا (سسیکس) کے بعد تیسرے ہندوستانی ہوں گے۔ گزشتہ سال دی ہنڈریڈ مقابلے کے تعارف نے رائل لندن ون ڈے کپ کی اہمیت کو کم کر دیا ہے کیونکہ انگلینڈ کے بہترین کھلاڑی کاؤنٹی ٹیموں کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔ تاہم اس وقت کرکٹ کھیلنے والے ہندوستانی کھلاڑیوں کو آئی پی ایل کے علاوہ کسی اور ٹی 20 لیگ میں کھیلنے کی اجازت نہیں ہے اور ایسی صورتحال میں تین بڑے کھلاڑیوں کے شامل ہونے سے رائل لندن کپ کی رونق بڑھ گئی ہے۔ وارکشائر کے ڈائریکٹر آف کرکٹ پال فاربریس نے کہاکہ مجھے ایجبسٹن میں کرنال کا استقبال کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔‘‘ دی ہنڈریڈ میں کلب کے کم از کم 10 کھلاڑی حصہ لینے جا رہے ہیں اور باقی جگہیں اگلے ہفتے ڈومیسٹک پلیئرز کے ڈرافٹس سے پُر ہوں گی۔ ون ڈے ٹیم میں بہت سے نوجوان کھلاڑی ہوں گے اور انہیں امید ہے کہ کرنال ان کی رہنمائی کریں گے۔ کرنال نے کہاکہ میں کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے اور اتنے عظیم کلب سے منسلک ہونے کا موقع ملنے پر پرجوش ہوں۔ ایجبسٹن ایک شاندار گراؤنڈ ہے اور میں اسے اپنا گھر کہنے کا منتظر ہوں۔ ‘‘